سالگرہ کے دن افتتاحی تقریب،600 کروڑ سے زائد کا خرچ، عصری سہولتوں سے آراستہ دفاتر
حیدرآباد۔/15 جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ 17 فروری کو تلنگانہ نئے سکریٹریٹ کامپلکس کا افتتاح کریں گے۔ چیف منسٹر کے سی آر کی سالگرہ کے موقع پر ڈاکٹر بی آر امبیڈکر سے موسوم نئے سکریٹریٹ کے افتتاح کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر عمارات و شوارع وی پرشانت ریڈی نے یہ انکشاف کیا۔ چیف منسٹر کے دفتر سے پرشانت ریڈی کے نام سے بیان جاری کرتے ہوئے افتتاحی تقریب کی تاریخ کا اعلان کیا گیا اور بتایا گیا ہے کہ حسین ساگر کے دامن میں 7 منزلہ انتہائی عصری سہولتوں سے آراستہ سکریٹریٹ کامپلکس کی تعمیر تقریباً مکمل ہوچکی ہے اور صرف تزئین نو کے کام آخری مراحل میں ہیں۔ 7 لاکھ مربع فیٹ پر سکریٹریٹ تعمیر کیا گیا ہے اور تعمیری کاموں پر600 کروڑ روپئے خرچ ہوئے ہیں۔ وزیر عمارات و شوارع نے جمعہ کی رات سکریٹریٹ کامپلکس کا دورہ کرتے ہوئے تعمیری کاموں کے بارے میں چیف منسٹر کو رپورٹ پیش کی تھی۔ واضح رہے کہ چیف منسٹر نے 27 جون 2019 کو نئے سکریٹریٹ کا سنگ بنیاد رکھا تھا تاہم ہائی کورٹ میں مقدمات اور کورونا وباء کے سبب تعمیری کاموں میں تاخیر ہوئی۔ اپوزیشن جماعتوں اور جہد کاروں نے حسین ساگر کے دامن میں سکریٹریٹ کی تعمیر پر اعتراضات کرتے ہوئے ہائی کورٹ میں درخواستیں دائر کی تھیں جنہیں عدالت نے خارج کردیا۔ ڈسمبر 2020 میں تعمیری کاموں کا آغاز ہوا اور دو سال کے عرصہ میں جنگی خطوط پر تعمیری کام مکمل کئے گئے۔ کے سی آر نے خود کئی بار تعمیری کاموں کا اچانک معائنہ کیا تھا۔ عہدیداروں کے مطابق 90 فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے اور کامپلکس کے تمام بلاکس تقریباً تیار ہیں۔ گنبدوں کی تعمیر اور ان کی تزئین نو کا کام اختتامی مرحلہ میں ہے۔ اس کے علاوہ بعض بلاکس میں تعمیری کام 10 فیصد تک باقی ہیں جو جاریہ ماہ مکمل کرلئے جائیں گے۔ کامپلکس کی تکمیل کے بعد اسے محکمہ عمارت و شوارع انتظامی نگرانی کیلئے جی اے ڈی کو حوالے کرے گا اور جی اے ڈی کی جانب سے وزراء اور سکریٹریز کے چیمبرس کا تعین کیا جائے گا۔ چیمبرس میں داخلی تزئین نو کے کاموں کی تکمیل کے ساتھ ہی افتتاحی تقریب کی تیاریاں شروع کردی جائیں گی۔ پرشانت ریڈی کے مطابق پارکنگ لاٹ کی تعمیر کا کام جاری ہے۔ عہدیداروں کے مطابق 20 ایکر اراضی پر سکریٹریٹ محیط ہے اور 617 کروڑ کے خرچ سے گرین بلڈنگ نظریہ کے تحت تعمیری کام انجام دیئے گئے۔ عمارت میں وزیٹرس کیلئے علحدہ سیکشن بنایا جارہا ہے جس میں بنیادی سہولتیں دستیاب رہیں گی۔ چھٹویں منزل پر چیف منسٹر کا آفس رہے گا۔ اس کے علاوہ وزراء کے چیمبرس بھی چیف منسٹر بلاک میں رہیں گے۔ پہلی اور دوسری منزل جی اے ڈی اور فینانس کے دفاتر کیلئے رہے گی۔ر