ایوان اسمبلی میں غیر معمولی تبدیلی، مجھے نقصان پہنچانے کی کوشش : بی جے پی رکن اسمبلی کا رد عمل
حیدرآباد۔/12فروری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر اور بی جے پی رکن اسمبلی ایٹالہ راجندر میں پرانا دور بحال ہوچکا ہے؟ کیا راجندر آئندہ دنوں میں بی آر ایس میں واپس ہوسکتے ہیں؟ ۔ یہ سوالات سیاسی حلقوںمیں زیر گشت رہے جب آج تلنگانہ اسمبلی میں چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے ایٹالہ راجندر کی کھل کر تعریف کی۔ ایٹالہ راجندر نے ایک موقع پر کہا تھا کہ چیف منسٹر اسمبلی میں میرا چہرہ دیکھنا نہیں چاہتے۔ ضمنی چناؤ میں کامیابی کے بعد راجندر کو اسمبلی کے کسی بھی اجلاس میں اظہار خیال کا موقع نہیں دیا گیا لیکن بجٹ اجلاس میں حکومت کا رویہ اچانک تبدیل تھا۔ کئی مسائل پر انہیں اظہارخیال کی اجازت دی گئی۔ تصرف بل پر مباحث کا جواب دیتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے اپنے کٹر سیاسی حریف راجندر کی غیر معمولی تعریف کی۔ سوشیل ویلفیر ہاسٹلس میں میس چارجس میں اضافہ کے بارے میں ایٹالہ راجندر کی تجویز پر چیف منسٹر نے فوری اندرون دو یوم احکامات جاری کرنے وزیر فینانس ہریش راؤ کو مشورہ دیا۔ انہوں نے ہریش راؤ سے کہا کہ وہ ایٹالہ راجندر سے ملاقات کرکے ان کی تجاویز حاصل کریں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ راجندر نے وزیر فینانس کی حیثیت سے مارکٹ انٹروینشن فنڈ متعارف کیا تھا۔ راجندر نے ایوان میں کئی قیمتی تجاویز پیش کی ہیں جس کا میں خیرمقدم کرتا ہوں۔ حکومت ان تجاویز پر عمل کرے گی۔ ایک سے زائد مرتبہ نام لینے پر خود راجندر بھی حیرت میں پڑ گئے۔ ایٹالہ راجندر نے بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے ایوان میں مجھے نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔ مجھے نقصان پہنچانے اور امیج متاثر کرنے کیلئے بار بار میری تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے ایوان میں داخل ہونے سے روکا گیا ، مجھ پرحملہ کیا گیا، میں وہ ابھی بھولا نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بجٹ اجلاس صرف سات دن تک ہوا ہے۔ سرکاری ملازمین اور بے روزگار نوجوان حکومت کے وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں۔ر