دیہی علاقوں میں پوسٹل خدمات کی توسیع کا منصوبہ، گرام پنچایتوں میں برانچس کے قیام کی درخواست
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) چیف پوسٹ ماسٹر جنرل تلنگانہ ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی نے چیف سکریٹری شانتی کماری سے ملاقات کی اور ریاست میں پوسٹل خدمات کو بہتر بنانے اور خاص طور پر دیہی علاقوں میں پوسٹل سرویسس میں توسیع پر بات چیت کی۔ ڈاکٹر ریڈی نے کہاکہ پوسٹل ڈپارٹمنٹ عوام کو سرکاری سہولتوں کی فراہمی میں اہم رول ادا کرتا ہے۔ تلنگانہ کے پوسٹ آفسوں کے ذریعہ 24.56 لاکھ پنشنرس کو پنشن کی رقم تقسیم کی جاتی ہے، اس کے علاوہ کسانوں کو 926.36 کروڑ اور کاٹن کارپوریشن آف انڈیا کی جانب سے اقل ترین امدادی قیمت کے طور پر 516.21 کروڑ جبکہ پردھان منتری کسان یوجنا کے تحت کسانوں کو 186.96 کروڑ تقسیم کئے جارہے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پوسٹل ڈپارٹمنٹ عوام کو مختلف خدمات کی فراہمی میں اہم رول ادا کرتا ہے اور خدمات کو شہری اور دیہی علاقوں میں مزید توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔ اُنھوں نے چیف سکریٹری سے درخواست کی کہ گرام پنچایتوں کی عمارتوں میں پوسٹ آفسیس کی برانچس کے قیام کی اجازت دی جائے تاکہ دیہی اور قبائیلی علاقوں کے عوام کو پوسٹل خدمات سے استفادہ کا موقع ملے۔ اُنھوں نے کہاکہ شہری علاقوں کے مقابلہ دیہی اور دور دراز کے علاقوں میں پوسٹل خدمات کی اہمیت زیادہ ہے۔ ڈاکٹر ریڈی نے چیف سکریٹری سے درخواست کی کہ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی جائے کہ پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی اراضیات کو اپ ڈیٹ کرنے کے کام میں تیزی پیدا کریں۔ چیف سکریٹری شانتی کماری نے پوسٹل ڈپارٹمنٹ کی برانچس اور اراضی معاملہ میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ڈاکٹر پی وی ایس ریڈی کے مطابق پوسٹل ڈپارٹمنٹ نے حالیہ عرصہ میں شہریوں سے متعلق خدمات میں توسیع کی ہے۔ پوسٹ آفسیس کے ذریعہ پاسپورٹ سیوا کیندر قائم کئے گئے جن کے تحت پاسپورٹ سے متعلق خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ریلوے ٹکٹ کے لئے انڈیا پوسٹ پاسنجر ریزرویشن سسٹم متعارف کیا گیا ہے۔ آدھار کارڈ کی خدمات بھی پوسٹ آفسوں میں دستیاب ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کی اسکیمات کی امدادی رقومات استفادہ کنندگان تک پہنچانے میں پوسٹل ڈپارٹمنٹ کا اہم رول ہے۔ 1