واشنگٹن : امریکہ میں آرائش حسن کا سامان فروخت کرنے والی دکانوں پر دستیاب مصنوعی بالوں کی بہت سے وِگیں اور پلکیں ،جن پر میڈ اِن چائنا کا لیبل لگا ہوا ہوتا ہے، اصل میں شمالی کوریا میں بنائی جاتی ہیں۔ اس طرح ان کو فروخت کرنے والے سٹور ان امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں جو شمالی کوریا کی مصنوعات کی فروخت پر عائد ہیں۔ چین کی جنرل کسٹمز ایڈمنسٹریشن کی طرف سے وائس آف امریکہ کی کورین سروس کو مہیا کیے جانے والے اعداد و شمار کے مطابق ، چین نے اپریل میں شمالی کوریا کی بنی ہوئی، تقریباً 30 ٹن وگیں اورمصنوعی پلکیں درآمد کیں جن کی مالیت 22.7 ملین ڈالر ہے۔ان میں سے تقریباً نصف جن کی مالیت 11.2 ملین ڈالر سے زیادہ بنتی ہے ، چینی کمپنیوں نے صوبہ ہینان میں درآمدکیں۔