نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ وہ چین کے مسئلہ پر لوک سبھا میں بحث کیلئے تیار ہیں۔کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے چندریان 3 مشن پر لوک سبھا میں شروع ہونے والی بحث کے دوران وزیر دفاع کے بیان کے درمیان راجناتھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ میں ہمت ہے تو چین کے مسئلہ پر بات کریں۔ اس پر راجناتھ نے کہا وہ چین کے سلسلے میں بحث کیلئے تیار ہیں اور اپنا سینہ چوڑا کرکے فخر کے ساتھ چین کے معاملہ پر بحث کیلئے تیار ہیں ۔
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں استحکام
نئی دہلی: عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے باوجود جمعرات کو پٹرول اور ڈیزل کی گھریلو قیمتیں مستحکم رہیں، دہلی میں پٹرول کی قیمت 96.72 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت 89.62 روپے فی لیٹر پر رہی۔ تیل کی مارکیٹنگ کی ایک بڑی کمپنی ہندوستان پیٹرولیم کارپوریشن کی ویب سائٹ پر جاری کردہ نرخوں کے مطابق آج ملک میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ دہلی میں ان کی قیمتیں یکساں رہنے کے ساتھ ممبئی میں پٹرول 106.31 روپے فی لیٹر اور ڈیزل 94.27 روپے فی لیٹر رہا۔