حیدرآباد۔31۔مارچ (سیاست نیوز) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود بی شفیع اللہ نے آج مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے مرمتی کاموں کی تکمیل اور رمضان المبارک کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے تاریخی مکہ مسجد میں رمضان المبارک کے سلسلہ میں کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ مکہ مسجد کے اندرونی حصہ میں نئی کارپیٹ بچھائی گئی ہے اور بیرونی حصہ میں ایک ماہ کیلئے عارضی شیڈ کا انتظام کیا گیا ۔ شفیع اللہ نے بتایا کہ تمام تعمیری اور مرمتی کام مکمل کرلئے گئے ہیں۔ مسجد کے 16 گنبدوں کے اندرونی حصہ میں تزئین نو کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور افطار اور تراویح کے موقع پر اندرونی حصہ میں مصلیوں کی صفیں بچھائی جارہی ہیں۔ مینٹیننس کے کاموں کیلئے صفائی کی عصری مشینیں حاصل کی گئیں ہیں۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے مکہ مسجد کے اسٹاف کیلئے یکساں طور پر یونیفارم تیار کیا ہے جو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے ملازمین کی طرز پر تیار کیا گیا ۔ر