ملک کی ترقی عیسائی مذہب کی دین، کرسمس تقریب سے خطاب
حیدرآباد۔/21 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ڈائرکٹر پبلک ہیلت تلنگانہ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے ایک متنازعہ بیان دیتے ہوئے سیاسی اور عوامی حلقوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ متنازعہ بیانات کیلئے شہرت رکھنے والے ڈاکٹر سرینواس راؤ نے حال ہی میں چیف منسٹر کے سی آر کے پیر چھوکر آشیرواد حاصل کیا تھا۔ سینئر عہدیدارکی جانب سے اس طرح کی حرکت پر اپوزیشن نے اعتراض کیا جس پر سرینواس راؤ نے کہا تھا کہ کے سی آر ان کے والد کی طرح ہیں اور وہ ایک نہیں سو بار پیر چھوئیں گے۔ سرینواس راؤ نے کتہ گوڑم اسمبلی حلقہ میں بی ایس آر ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ ہیلت کیمپ اور دیگر پروگراموں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر بھدرادری سیمی کرسمس تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ عیسائی مذہب نے انسانیت کی خدمت اور ترقی کا درس دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیسائی مذہب سے انسانیت کی ترقی ہوئی ہے۔ سرینواس راؤ نے یہ کہتے ہوئے ایک تنازعہ پیدا کردیا کہ ملک کی ترقی عیسائی مذہب کی مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یسوع مسیح کے آشیرواد کے نتیجہ میں کورونا وائرس میں کمی آئی ہے۔ واضح رہے کہ سرینواس راؤ حالیہ عرصہ میں کئی بار کتہ گوڑم ضلع کا دورہ کرچکے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سرینواس راؤ بی آر ایس سے ایم ایل اے کا ٹکٹ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ر