چنئی، تمل ناڈو کے کوئمبٹور شہر میں اتوار کی علی الصبح ایک مندر کے سامنے کھڑی کار میں رکھاایل پی جی سلنڈر پھٹ گیا جس سے ایک شخص کی موت ہو گئی۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ یہ دھماکہ حساس علاقے اکّڑم کے قریب کوٹائی ایشورن کوول کے سامنے صبح 4 بجے کے قریب ہوا۔ جس کی وجہ سے کار میں سوار ایک شخص کی موقع پر ہی موت ہوگئی جہاں دو ایل پی جی سلنڈر ملے ۔دھماکہ اتنا زوردار تھا کہ کار مکمل طور پر تباہ اور دو ٹکڑے ہو گئی اور ملبے کا ڈھیر بن گئی۔پولیس اور فائر اینڈ ریسکیو سروسز نے ایک شخص کی جلی ہوئی لاش کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیج دیا۔انہوں نے کہا کہ پولیس واقعہ کی تمام زاویوں سے تحقیقات کر رہی ہے ۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور پورے کوئمبٹور شہر میں سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔