حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے ایم ایل سی اور سابق وزیر ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ بی آر ایس صدر اور سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اب خوف زدہ ہیں کیوں کہ ریاستی کابینہ نے کالیشورم اور پاور پراجکٹس کی تعمیر میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے جوڈیشیل کمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ کل یہاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ میڈی گڈہ بیاریج گرنے کے بعد بیکار ہوگیا ہے ۔ انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پیشرو بی آر ایس حکومت نے بارش کے موسم میں میڈی گڈہ کے ذریعہ پانی کا رخ ایس آر ایس پی کی طرف نہیں کیا تھا ۔ آئندہ منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ ان انتخابات میں قومی سطح پر بی جے پی کا صفایا ہوگا ۔ انہوں نے یہ بھی جاننا چاہا کہ بی جے پی الیکٹورل بانڈس مسئلہ پر بات کرنے سے گھبرائی ہوئی کیوں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ اگر بی جے پی اقتدار پر پھر برقرار رہی تو وہ تمام تحفظات کو برخاست کردے گی ۔ اگر کانگریس کو اقتدار حاصل ہوا تو پارٹی تحفظات میں 50 فیصد کی حد کو نکال دے گی ‘ ۔۔