کالیشورم پراجکٹ صرف میڈی گڈہ تک محدود نہیں ہے

   

اسمبلی روایت سے انحراف ، لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر سیاسی ڈرامہ : ہریش راؤ
حیدرآباد ۔ 13 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ نے ایوان کے قواعد کی خلاف ورزی کرنے کا حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے بی آر ایس پر کیچڑ اچھالنے میڈی گڈہ کا دورہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آج اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کبھی بھی اسمبلی میں حکمران جماعت کی جانب سے بات کرنے کے بعد اپوزیشن کو بات کرنے کا موقع فراہم کرنے کی روایت رہی ہے ۔ لیکن کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرنے اور ریاست کے مفادات کا تحفظ کرنے کے بجائے سارا وقت بی آر ایس پر تنقید کرنے میں ضائع کررہی ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کے لیے کالیشورم پراجکٹ کو موضوع بحث بناتے ہوئے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کالیشورم پراجکٹ سے فائدہ اٹھانے والے عوام کی رائے حاصل کرنے کا بھی حکومت کو مشورہ دیا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ صرف ایک میڈی گڈہ نہیں ہے اس پر تین بیاریجس 15 ریزروس ، 19 سب اسٹیشنس 21 پمپ ہاوزس 203 کلو میٹر سرنگیں 1531 کلو میٹر گراویٹی کنال 98 کلومیٹر فریزرینس 141 ٹی ایم سی اسٹوریج گنجائش 530 میٹرس بلند لفٹ 240 ٹی ایم سی پانی استعمال کرنے کی گنجائش رکھنے والا کالیشورم پراجکٹ ہے ۔ ایک دو مقامات پر دراڑ پڑ جانے پر غیر ضروری واویلا مچانے کا حکمران کانگریس پر الزام عائد کیا ۔ ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی وزراء اور ارکان اسمبلی کو میڈی گڈہ جانے کے راستے میں موجود رنگا نائیک ساگر ، ملنا ساگر ، کوڈیلی ندی ، ہرے بھرے کھیتوں کا بھی معائنہ کرنے کا مشورہ دیا ۔ ساتھ ہی کالیشورم پراجکٹ کے نتائج کے بارے میں کسانوں سے بھی بات کرنے پر زور دیا ۔ کرناٹک کانگریس کے ارکان اسمبلی نے رنگا نائیک ساگر کا معائنہ کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ پراجکٹ کو درست کرنے کے اقدامات کرنے اور تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ کالیشورم پراجکٹ کی تعمیر سے تین کروڑ میٹرک ٹن کاشت ہوئی ہے ۔ کانگریس کے دور حکومت میں پنجہ گٹہ پر زیر تعمیر فلائی اوور منہدم ہوجانے سے 20 افراد ملبہ میں پھنس کر ہلاک ہوگئے ۔ دیورالہ پراجکٹ کے پائپ لائن پھٹ کر آسمان تک اوپر پانی اٹھتے ہوئے ضائع ہوا تھا ۔ تلنگانہ کے پراجکٹس کو کے آر بی ایم کے حوالے کردیا گیا ۔ ہمارے نیند سے جگانے پر کل اسمبلی میں عجلت پسندی میں قرار داد منظور کی گئی ۔ بی آر ایس نے آج ضلع نلگنڈہ میں ایک جلسہ عام کا انعقاد کیا ہے جس کے جواب میں حکومت نے میڈی گڈہ پراجکٹ کے دورے کا پروگرام بنایا ہے ۔ عوام اس سے اچھی طرح واقف ہیں ۔۔ 2