ہریش راؤ نے پراجیکٹ سے متعلق تلنگانہ بھون میں اپنا پاور پوائنٹ پریزنٹیشن ملتوی کردیا
حیدرآباد 2 جون (سیاست نیوز) جسٹس پی سی گھوش کی قیادت میں کام کرنے والے کالیشورم کمیشن نے بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر کی اپیل کو قبول کرکے 5 کی بجائے 11 جون کو کمیشن کے روبرو حاضر ہونے اجازت دی ۔ کالیشورم پراجکٹ میں بے قاعدگیوں و بدعنوانیوں پر حکومت نے جسٹس پی سی گھوش کی زیرقیادت کالیشورم کمیشن تشکیل دیا ۔ یہ کمیشن مختلف انجینئرس اور عہدیداروں کو طلب کرکے جانچ کررہا ہے۔ سابق چیف منسٹر کے سی آر کو 5 جون کو پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہونے نوٹس دی گئی تھی۔ ساتھ ہی 6 جون کو بی آر ایس حکومت کے وزیر فینانس ایٹالہ راجندر (موجودہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ) اور 9 جون کو بی آر ایس رکن اسمبلی ہریش راؤ کو کمیشن کے سامنے حاضر ہونے نوٹس جاری کی تھی ۔ کے سی آر نے کمیشن کی نوٹس کے بعد ہریش راؤ کو طلب کرکے جائزہ لیا۔ کے سی آر نے کالیشورم کمیشن کو ای میل کے ذریعہ یہ اپیل کی کہ انھیں حاضری کیلئے مزید مہلت دی جائے۔ وہ 5 جون کے بجائے 11 جون کو کمیشن کے سامنے حاضر ہونے تیار ہیں۔ کمیشن نے کے سی آر کی اپیل پر انھیں 11 جون کو کمیشن کے روبرو پیش ہونے اجازت دے دی۔ دیکھنا یہ ہے کہ کیا ایٹالہ راجندر اور ہریش راؤ بھی مہلت طلب کریں گے یا اپنی مقررہ تواریخ پر کمیشن میں حاضر ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کے سی آر نے ابھی تک کمیشن میں پوچھ تاچھ کیلئے حاضر ہوئے ریٹائرڈ انجینئرس و دیگر عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا اور اُن سے سوالات کی تفصیلات حاصل کیں۔ بتایا جارہا ہے کہ ہریش راؤ کیلئے 9 جون کی تاریخ مقرر کی گئی ۔ اِس لئے کے سی آر نے 11 جون کی مہلت لی ہے تاکہ ہریش راؤ سے جو پوچھ تاچھ ہوئی اِس کی معلومات حاصل کرکے مستقبل کی حکمت عملی تیار کرسکیں۔ ہریش راؤ آج تلنگانہ بھون میں کالیشورم پراجکٹ پر پاور پوائنٹ پریزنٹیشن دینے والے تھے تاہم کے سی آر کو مہلت ملنے کے بعد انھوں نے پروگرام ملتوی کردیا۔2