کے سی آر کے فیصلوں سے کانگریس قائدین بھی واقف ہیں
حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) بی جے پی رکن پارلیمنٹ ایٹالہ راجندر نے کہا کہ وہ جسٹس پی سی گھوش کمیشن کے روبرو پیش ہوں گے اور کالیشورم پراجکٹ کے مسئلہ پر اپنے موقف کی وضاحت کریں گے ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے راجندر نے کہا کہ بی آر ایس حکومت نے میرے ساتھ وزراء کے طور پر خدمات انجام دینے والے بعض قائدین اس وقت کانگریس میں ہیں۔ ٹی ناگیشور راؤ ، جوپلی کرشنا راؤ اور کڈیم سری ہری بی آر ایس میں تھے۔ کمیشن ان کے بارے میں کیا موقف اختیار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں قائدین بی آر ایس دور حکومت کے فیصلوں سے واقف ہیں۔ میں جس وقت وزیر فینانس تھا، اس وقت رام کرشنا راؤ پرنسپل سکریٹری تھے جو آج چیف سکریٹری کے عہدہ پر فائز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کمیشن کی نوٹس سے خوفزدہ نہیں ہیں۔ راجندر نے کہا کہ کے سی آر سے اختلافات کے بعد انہوں نے 6 ماہ تک تنہا جدوجہد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن کی نوٹس ابھی موصول نہیں ہوئی ہیں اور نوٹس ملنے کے بعد وہ پارٹی سے اجازت حاصل کرتے ہوئے رجوع ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر دور حکومت میں جس طرح فیصلے کئے گئے، اس بارے میں کئی کانگریس قائدین اچھی طرح واقف ہیں۔ راجندر نے کہا کہ وہ کے سی آر کے فیصلوں کے بارے میں وقت آنے پر تفصیلات جاری کریں گے۔ انہوں نے کمیشن کی میعاد میں توسیع پر سوال اٹھائے۔1