علحدہ فارمرس کمیشن کا قیام، بالکنڈہ میں ریونت ریڈی کی پدیاترا اور کسانوں سے ملاقات
حیدرآباد۔/12 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آج ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے 26ویں دن نظام آباد کے بالکنڈہ اسمبلی حلقہ کا احاطہ کیا۔ ریونت ریڈی نے صبح میں مندر کے درشن کئے اور پھر خواتین اور نوجوانوں کے گروپس سے ملاقات کی اور مسائل کی سماعت کی۔ دوپہر میں کسانوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سینکڑوں کی تعداد میں کسان شریک ہوئے۔ ریونت ریڈی نے اعلان کیا کہ کانگریس برسراقتدار آنے پر فارمرس کمیشن تشکیل دیا جائے گا تاکہ کسانوں کے مسائل کی یکسوئی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی، ایس ٹی، اقلیتی اور بی سی کمیشن کی طرز پر فارمرس کمیشن مکمل اختیارات کے ساتھ تشکیل دیا جائے گا جس کے تحت کسانوں کی اسکیمات پر عمل آوری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ورنگل ڈیکلریشن کے تحت کانگریس نے جو وعدے کئے تھے انہیں انتخابی منشور میں شامل کیا جائے گا۔ راہول گاندھی نے کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض کی معافی اور بے زمین کسانوں کو 12 ہزار روپئے کی امداد کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علحدہ ہلدی بورڈ تشکیل دیا جائے گا اور اندرون چھ ماہ شوگرفیکٹری کا احیاء عمل میں آئے گا۔ کانگریس پارٹی رعیتو بیمہ اسکیم پر عمل کرے گی اور کراپ انشورنس اسکیم متعارف کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کسانوں کو انشورنس کی فراہمی میں دلچسپی نہیں رکھتی۔ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد تلنگانہ میں ہر طبقہ کیلئے خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ تلنگانہ کے کانگریس کے ترقیاتی اور فلاحی ماڈل پر عمل آوری ہوگی۔ ریونت ریڈی نے بی جے پی اور بی آر ایس میں ملی بھگت کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یکم جنوری 2024 کو تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آئے گی۔ غریبوں کو مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپئے، آروگیہ شری کے تحت 5 لاکھ روپئے تک مفت علاج اور پکوان گیس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کئے جائیں گے۔ اقتدار کے پہلے سال 2 لاکھ سرکاری ملازمتوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تلی کو آزاد کرانے کیلئے انہوں نے پدیاترا شروع کی ہے۔ کے سی آر نے تمام طبقات کے ساتھ دھوکہ دہی کا معاملہ کیا ہے۔ ریونت ریڈی کل پدیاترا کے 27 ویں دن بالکنڈہ اسمبلی حلقہ میں اپنی پدیاترا جاری رکھیں گے اور شام میں آری گٹلہ گاؤں میں کارنر میٹنگ سے خطاب کریں گے۔ر