کانگریس حکومت پر ریاست سے اپوزیشن کا صفایا کرنے کا الزام : ہریش راؤ

   

گردن پر چھری رکھ کر حکمران جماعت میں شامل ہونے کا بی آر ایس کے ارکان اسمبلی پر دباؤ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے سینئیر قائد سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو فراموش کرتے ہوئے بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو ڈرا دھمکاکر کانگریس میں شامل کرنے کی کوشش کرنے کا چیف منسٹر کے سی آر پر الزام عائد کیا ۔ حکومت کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکنے والے ارکان اسمبلی اور ان کے ارکان خاندان کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ سنگاریڈی میں آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی جی مہپال ریڈی ، کے پربھاکر ریڈی کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ ٹی ہریش راؤ نے بی آر ایس کے رکن اسمبلی کے مہپال ریڈی کے بھائی مدھو سدن ریڈی کو پولیس کی جانب سے نصف شب میں گھر میں داخل ہو کر گرفتار کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت انتقامی کارروائی کررہی ہے ۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو کانگریس میں شامل ہونے کے لیے دباؤ بنایا جارہا ہے ۔ شامل ہونے سے انکار کرنے والے ارکان اسمبلی کو ڈرایا دھمکایا جارہا ہے انہیں اور ان کے ارکان خاندان کو مختلف طریقوں سے پریشان کیا جارہا ہے ۔ جھوٹے مقدمات درج کئے جارہے ہیں ۔ کانگریس حکومت کے 100 دن مکمل ہوچکے ہیں ۔ عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں حکومت ناکام ہوگئی ہے ۔ دیہی علاقوں کے عوام کو پینے کا پانی دستیاب نہیں ہورہا ہے ۔ سیراب کے لیے پانی کی عدم اجرائی سے فصلیں خشک سالی کا شکار ہورہی ہیں ۔ عوامی خدمات انجام دینے کے بجائے کانگریس حکومت اپوزیشن جماعتوں کو ہراساں و پریشان کررہی ہے ۔ گردن پر چھری رکھتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے کی دھمکی دی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کسی کے لیے بھی مستقل نہیں ہوتا پولیس عہدیدار قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں ۔ ریاست سے اپوزیشن کا صفایا کرنے کی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ ایف آئی آر کاپی دئیے بغیر رکن اسمبلی کے بھائی کو گرفتار کرنے کی وجہ طلب کی ۔ ابھی تک تین مقدمات درج کیا گیا ہے ۔ جس کے خلاف قانونی لڑائی لڑی جائے گی ۔ عوامی عدالت میں کانگریس کو شکست دینے کا اعلان کیا ۔۔ 2