کانگریس دور حکومت میں ہی پرانے شہر کی ترقی ، مجیب اللہ شریف

   

میٹرو ریل، موسی ندی پراجکٹ ، میر عالم تالاب پر کیبل برج تعمیر کرنے کے منصوبے
حیدرآباد /6 ڈسمبر ( سیاست نیوز ) اسمبلی حلقہ چارمینار کانگریس کے انچارج مجیب اللہ شریف نے کانگریس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کو مثالی اور سارے ملک کیلئے قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں پرانے شہر کو نظر انداز کردیا گیا تھا ۔ تاہم ریونت ریڈی نے پرانے شہر میں میٹرو ریل اور موسی ندی پراجکٹ کو ترقی دینے کا جو منصوبہ تیار کیا ہے ۔ اس سے پرانے شہر میں ایک طرف عوام کو بنیادی سہولتیں فراہم ہوں گی ۔ دوسری طرف ترقی میں تیزی پیدا ہوجائے گی ۔مجیب اللہ شریف ایڈوکیٹ نے کہا کہ کانگریس بالخصوص ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کے دور حکومت میں پرانے شہر کی ترقی ہوئی تھی ۔ اس وقت میٹرو ریل کا جب سنگ بنیاد رکھاگیا تھا ۔ تب ہی ایم جی بی ایس ، فلک نما تک میٹرو ریل چلانے کا منصوبہ تیار کیا گیا تھا ۔ مگر علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد 10 سال تک پرانے شہر کو نظر انداز کردیا گیا ۔ میٹرو ریل کے مسئلہ کو تعطل کا شکار بنادیا گیا ۔ ریاست میں دوبارہ کانگریس کی حکومت قائم ہونے کے بعد چیف منسٹر ریونت ریڈی نے نہ صرف پرانے شہر میں میٹرو ریل چلانے کا فیصلہ کیا بلکہ اس کو مزید 2 کیلومیٹر چندرائن گٹہ تک توسیع کردی ۔ موسی ندی پراجکٹ کو ترقی دینے کا بھی منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔ اس پراجکٹ کی تکمیل سے پرانے شہر کو ترقی ہوگی ۔ حکومت نے متاثرین سے مکمل انصاف کرنے کا پلان تیار کیا ہے۔ اس کے علاوہ میر عالم تالاب کو بھی ایک سیاحتی مرکز کے طور پر ترقی دینے کی پہل ہوچکی ہے ۔ کیبل برج تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی تیار کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر کانگریس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی اطمینان بخش سے ۔ سماج کے تمام طبقات ، خواتین ، نوجوان ،طلبہ ، کسان خوش ہیں۔ اس ایک سال کے دوران حکومت نے اہم وعدوں پر توجہ دی ہے۔ آئندہ چار سال کے دوران اقلیتوں سے کئے گئے تمام وعدوں پر عمل ہونے کے امکانات ہیں۔ ریاست کا لاء اینڈ آرڈر کنٹرول میں ہے ۔ شہر حیدرآباد کی ترقی عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ بڑے بڑے فلائی اوورس ، روڈ انڈر برجس روڈ اوور برجس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ 2