تعزیتی جلسہ میں مہیش کمار گوڑ، میناکشی نٹراجن اور وزاء کی شرکت
حیدرآباد۔ 31 مئی (سیاست نیوز) کھمم ضلع کے سینئر کانگریسی قائد اور سابق صدر کھمم ٹاؤن محمد جاوید کو پارٹی سینئر قائدین نے خراج عقیدت پیش کیا۔ محمد جاوید کا حالیہ دنوں میں سڑک حادثہ میں انتقال ہوگیا۔ مرحوم محمد جاوید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے کھمم ٹاؤن میں آج تعزیتی جلسہ منعقد کیا گیا۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن، ریاستی وزراء ٹی ناگیشور راؤ، پی سرینواس ریڈی، محمد اظہر الدین اور حکومت کے مشیر وی ہنمنت راؤ نے خطاب کرتے ہوئے محمد جاوید مرحوم کی پارٹی کے لئے خدمات کو خراج پیش کیا۔ قائدین نے کہا کہ کھمم ضلع میں کانگریس پارٹی کے استحکام میں مرحوم نے اہم رول ادا کیا۔ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی کے بہتر مظاہرہ میں مرحوم محمد جاوید کا اہم رول رہا۔ ان کی اچانک موت سے پارٹی کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ محمد جاوید مرحوم ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے اور مسائل کی یکسوئی کی جدوجہد کرتے۔ کانگریس قائدین نے محمد جاوید کے پسماندگان سے ملاقات کی اور پارٹی کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ مقامی کانگریس قائدین نے قیادت سے مانگ کی ہے کہ محمد جاوید کے افراد خاندان میں سے کسی ایک کو اہم عہدہ پر فائز کیا جائے۔ محمد جاوید نے پارٹی کے تمام اہم پروگراموں کی کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا۔ بھٹی وکرامارکا اور کھمم سے تعلق رکھنے والے وزراء سے مرحوم کے قریبی روابط تھے۔ 1؍F