دامودر راج نرسمہا اور رکنِ اسمبلی لکشمی کانت راؤ کو آج گاندھی بھون طلب کیا گیا
حیدرآباد، 4 نومبر (سیاست نیوز)صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے کانگریس پارٹی نے مختلف اسمبلی حلقوں میں پارٹی قائدین اور ارکانِ اسمبلی کے درمیان پائے جانے والے نظریاتی اختلافات اور تنازعات کا سخت نوٹس لیا ہے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پارٹی میں اظہارِ خیال کی آزادی ہے لیکن اس کا غلط استعمال کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے کئی حصوں میں پارٹی قائدین کے درمیان اندرونی اختلافات اور تنازعات منظر عام پر آ رہے ہیں جس سے پارٹی کا وقار مجروح ہو رہا ہے۔ کانگریس پارٹی میں ایسے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کل یعنی 5 نومبر کو ریاستی وزیرِ صحت دامودر راج نرسمہا اور رکنِ اسمبلی اے لکشمی کانت راؤ کو ان کا موقف جاننے کیلئے گاندھی بھون طلب کیا گیا ہے۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے ذرائع نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں قائدین کے درمیان جاری تنازعات اور اختلافات کو دور کرنے کیلئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسلسل گاندھی بھون میں پارٹی قائدین سے ملاقات کرتے رہیں گے اور جو بھی مسائل، اختلافات اور تنازعات ہیں، انہیں بات چیت کے ذریعہ حل کیا جائے گا۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے واضح کر دیا ہے کہ پارٹی میں ڈسپلن شکنی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور تمام قائدین کو متحد ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔2