پھگواڑہ : پنجاب میں پھگواڑہ کی بلاک کانگریس کمیٹی کے کارکنوں نے ایم ایل اے بلوندر سنگھ دھالیوال کی قیادت میں ہفتہ کو پھگواڑہ کے پوریوال چوک پر امریکہ سے ہندوستانیوں کی حالیہ ملک بدری کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور بی جے پی کی زیر قیادت مرکزی حکومت کا پتلا جلایا۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بلوندر سنگھ دھالیوال نے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی نااہلی اور ملک میں نوجوانوں کے لیے روزگار پیدا کرنے میں مرکزی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے نوجوان اپنی روزی روٹی کی تلاش میں امریکہ جیسے بیرونی ممالک میں ہجرت کرنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے غیر قانونی طورپر مقیم ہندوستانیوں کو ہتھکڑیاں لگا کر ملک بدر کرنے کے امریکی حکومت کے اقدام کی بھی مذمت کی جو کہ انسانی حقوق کی براہ راست خلاف ورزی ہے ۔