عدم عمل آوری پر بی آر ایس سے احتجاج شروع کرنے کا انتباہ
حیدرآباد ۔ 5 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے دھوکہ دہی کے ذریعہ ریاست میں اقتدار حاصل کیا ہے جس میں عوام سے 420 وعدے کئے گئے ۔ کانگریس پارٹی کو اس کے وعدہ کے مطابق 100 دن میں یعنی 17 مارچ تک اس کے وعدوں کو پورا کرنا ہے اگر وہ ان وعدوں کو پورا نہ کرے تو بی ار ایس کی جانب سے ایک بڑا ایجی ٹیشن شروع کیا جائے گا ۔ حلقہ ملکاجگیری میں بی آر ایس کے ورکرس سے مخاطب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے حیدرآباد کے لوگوں کی تعریف کی کہ انہوں نے بی آر ایس کو قیادت کا موقع دیا ۔ کے ٹی آر نے شہر میں ہوئی ترقی پر روشنی ڈالی ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کانگریس قائدین نے مختلف اضلاع میں حکومت کے ابتدائی 60 دن میں عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہ کرتے ہوئے انہیں فریب دیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں برقی کٹوتی شروع ہوگئی ہے ، کسانوں کے لیے رعیتو بندھو اسکیم متاثر ہوگئی ہے اور خواتین کے لیے بسوں میں مفت سفر کی وجہ مسائل ہورہے ہیں اور تشدد کے واقعات پیش آرہے ہیں ۔ انہوں نے 6.5 لاکھ آٹو ڈرائیورس کی حالت پر تشویش کا اظہار کیا جن کی روزی حکومت کے اس اقدام کے باعث متاثر ہوگئی ہے ۔۔