کانگریس کے لوک سبھا امیدواروں پر ہائی کمان کو دیپا داس منشی کی رپورٹ

   

چیف منسٹر نے بعض ناموں کی سفارش کی ، ٹکٹ کے کئی دعویدار دہلی میں سرگرم
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ (سیاست نیوز) الیکشن کمیشن کی جانب سے کل 16 مارچ کو الیکشن شیڈول کی اجرائی کے پیش نظر کانگریس نے تلنگانہ کے پارٹی امیدواروں کے انتخاب کے لئے سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق تلنگانہ کی انچارج جنرل سکریٹری دیپا داس منشی نے ہائی کمان کو اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ انہوں نے پارٹی کے ضلع صدور ، ارکان اسمبلی اور اسمبلی چناؤ کے امیدواروں سے مشاورت کرتے ہوئے لوک سبھا کی 13 نشستوں کے امکانی امیدواروں کے بارے میں رائے حاصل کی تھی۔ اے آئی سی سی کے تینوں انچارج سکریٹریز بھی ان دنوں حیدرآباد میں ہیں اور لوک سبھا امیدواروں کے انتخاب کے مشاورتی عمل میں شریک ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ہائی کمان کو اپنی ترجیحات سے واقف کرادیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے بی آر ایس اور بی جے پی سے شمولیت اختیار کرنے والے بعض قائدین کے نام پیش کئے ہیں، جنہیں پارٹی اپنا امیدوار بناسکتی ہے۔ ریونت ریڈی نے کل بی جے پی کے سینئر لیڈر اور سابق رکن پارلیمنٹ جتیندر ریڈی سے ملاقات کی تھی جبکہ آج سکریٹریٹ میں ورنگل کے بی آر ایس رکن پارلیمنٹ پی دیاکر نے چیف منسٹر سے ملاقات کی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ دونوں قائدین کانگریس کی لوک سبھا امیدواروں کی فہرست میں شامل کئے جاسکتے ہیں۔ چیف منسٹر نے 13 لوک سبھا حلقوں میں کم از کم 4 بی سی امیدواروں کی سفارش کی ہے۔ بی سی طبقات کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے حکومت نے 16 مختلف طبقات کے علحدہ ترقیاتی کارپوریشن قائم کرنے کا نہ صرف اعلان کیا بلکہ اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانگریس کی سنٹرل الیکشن کمیٹی اپنے اجلاس میں چیف منسٹر کی جانب سے پیش کردہ ناموں کا جائزہ لے گی۔ کانگریس نے تاحال صرف 4 امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔ باقی حلقہ جات میں سکندرآباد ، چیوڑلہ ، میدک، نظام آباد ، کریم نگر ، کھمم ، بھونگیر ، ورنگل ، عادل آباد ، پدا پلی ، ملکاجگری ، ناگر کرنول اور حیدرآباد شامل ہیں۔ اسی دوران ٹکٹ کے خواہشمند قائدین نئی دہلی پہنچ چکے ہیں جہاں ہائی کمان کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی دعویداری پیش کر رہے ہیں۔ لوک سبھا حلقہ کھمم کیلئے اگرچہ تین ریاستی وزراء نے اپنے رشتہ داروں کے نام پیش کئے لیکن کانگریس کے سینئر لیڈر وی ہنمنت راؤ بھی دعویدار کے طور پر نئی دہلی پہنچ چکے ہیں۔ وہ سونیا گاندھی سے ملاقات کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے علاوہ نظام آباد ، ورنگل ، چیوڑلہ اور ملکاجگری حلقہ جات کے دعویدار بھی نئی دہلی میں کیمپ کئے ہوئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق لمحہ آخر میں ہر لوک سبھا حلقہ کے بارے میں سروے کا اہتمام کیا گیا ۔ کانگریس کی انتخابی حکمت عملی کے ماہر سنیل کنگولو کی ٹیم نے سروے مکمل کرلیا ہے ۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی دوسری فہرست میں کئی نام چونکا دینے والے ثابت ہوں گے۔ 1