حیدرآباد 17 مارچ (سیاست نیوز) کانگریس سے معطل شدہ رکن قانون ساز کونسل تین مار ملنا نے آج اسمبلی لابی میں بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر اور سابق وزیر ہریش راؤ سے ملاقات کی۔ اِس موقع پر بی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور کونسل بھی موجود تھے۔ اسمبلی میں بی سی طبقات کے لئے 42 فیصد تحفظات سے متعلق بِل کی پیشکشی پر تین مار ملنا نے ہریش راؤ اور کے ٹی آر سے بات چیت کی۔ بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی آفس میں ہوئی اِس ملاقات کے دوران تین مار ملنا نے بل کی مخالفت کرنے پر زور دیا۔ اُنھوں نے کہاکہ طبقاتی سروے کے ذریعہ پسماندہ طبقات سے ناانصافی کی گئی ہے۔ بی سی تحفظات کو دستوری ترمیم کے ذریعہ قانونی حیثیت دینے کیلئے تین مار ملنا نئی دہلی میں دھرنا منظم کریں گے۔ اُنھوں نے بی آر ایس قائدین سے دھرنے میں شرکت اور تائید کی اپیل کی۔ واضح رہے کہ طبقاتی سروے کو بنیاد بناکر تین مار ملنا نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور کانگریس پارٹی پر تنقید کی تھی جس کے بعد اُنھیں پارٹی سے معطل کردیا گیا۔ 1