نئی دہلی۔ 22 مئی (ایجنسیز) سوشل میڈیا پر تیزی سے مقبول ہورہی ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ (سی جے پی) کے بارے میں ملک کی سکیورٹی ایجنسیاں الرٹ ہوگئی ہیں۔ انٹلیجنس ادارے اس پہلو سے تحقیقات کررہے ہیں کہ کہیں بے روزگار نوجوانوں کی ناراضگی کو بنیاد بناکر ملک میں بے چینی اور افراتفری پھیلانے کی کوئی منظم سازش تو نہیں کی جارہی۔ حکام کو اس بات پر بھی شبہ ہے کہ انتہائی کم وقت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاکھوں فالوورز حاصل ہونا کسی بیرونی طاقت کے تعاون کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ حال ہی میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سوریہ کانت نے عدلیہ کے خلاف آر ٹی آئی کارکنوں کے رویے پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے انہیں ’کاکروچ‘ (جھینگر) سے تشبیہ دی تھی۔ چیف جسٹس کے اس تبصرے کے خلاف سوشل میڈیا پر طنزیہ انداز میں ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے نام سے ایک ڈیجیٹل مہم شروع ہوئی، جس نے چند ہی دنوں میں غیرمعمولی مقبولیت حاصل کرلی۔