کجریوال کو اپنے دفاتر سے امبیڈکر کی تصویریں ہٹا لینے کا مشورہ

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عاپ ) کے بانیوں میں شامل اہم سیاسی رہنما اور سابق ممبر پارلیمنٹ الیاس اعظمی نے دہلی کے وزیراعلی اروند کجریوال سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کے سابق وزیر راجندر پال گوتم سے استعفی لینے کے بعد عام آدمی پارٹی کے تمام دفتروں سے ڈاکٹر امبیڈکر اور سردار بھگت سنگھ کی تصویریں انہیں ہٹالینی چاہئے۔ الیاس اعظمی نے کہاکہ راجندرپال گوتم نے 5 اکتوبر کو اسی عہد کا اعادہ کیا ہے ، جو ڈاکٹر امبیڈکرنے بدھ مذہب قبول کرتے ہوئے سال 1956 میں کیا تھا۔ یہ عہدناگپورمیں پتھر پر کندہ ہے ، جسے ہٹانے کی طاقت اور جرات نہ تو اروند کجریوال کے اندر ہے اور نہ ہی ہمارے وزیراعظم نریندر مودی کے اندر ہے ۔سابق ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ سردار بھگت سنگھ کسی مذہب کو نہ ماننے والے کمیونسٹ فکر تھے جنہیں اپنے استاد یامین ڈار پر فخر تھا۔ اس لئے مسٹر اروند کیجریوال اور نریندرمودی جیسے مذہبی لوگوں کو اپنے دفتروں میں ان کی تصویر نہیں لگانی چاہئے ۔ الیاس اعظمی نے دعوی کیا کہ اب ملک میں امبیڈکر واد اورساورکر واد میں کشمکش شروع ہوچکی ہے ۔ جس طرح ہم نے انا تحریک کے دوران کہا تھاکہ بدعنوانی کے خلاف جنگ میں جو غیرجانبدار رہے گا،اس کا بدعنوانی کے حامیوں میں شمار کیاجائے گا۔ اسی طرح نئی کشمکش میں کوئی بھی غیرجانبدار نہیں رہ سکتا۔
جو امبیڈکر وادنہیں اسے ساورکر کا ساتھی سمجھا جائے گا۔ ایسی صورت میں ہر ہندوستانی شہری کوایک طرف جانا ہوگا۔