بنگلورو : کرناٹک کی کابینہ میں ریاست میں شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائب (ایس سی؍ ایس ٹی) ریزرویشن میں اضافہ کیلئے ایک آرڈیننس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کابینہ نے 8 اکٹوبر کو اس ضمن میں اپنی منظوری دیدی تھی۔ گورنر کی منظوری کے ساتھ ہی آرڈیننس نافذالعمل ہوجائے گا اور ایس سیز کیلئے ریزرویشن 15 سے 17 فیصد تک بڑھ جائے گا اور ایس ٹیز کیلئے 3 سے بڑھ کر 7 فیصد ہوجائے گا۔ تاہم اس سے کرناٹک میں ریزرویشن کی مجموعی حد بڑھ کر 56 فیصد ہوجائے گی جو 50 فیصد سے زیادہ ہے جسے سپریم کورٹ نے اندرا ساہنی فیصلہ میں طئے کیا ہے۔ چنانچہ حکومت سفارش کرے گی کہ کوٹہ میں اضافہ کو دستور کے 9ویں شیڈول کے تحت لایا جائے تاکہ اسے آنے والے وقت میں قانونی تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ وزیرقانون اور پارلیمانی امور جے سی مدھو سوامی نے گذشتہ روز کابینی اجلاس کے بعد میڈیا کو بتایا کہ ایس سی ؍ ایس ٹی ریزرویشن بڑھانے کا فیصلہ کرنے کے بعد ہم نے کابینہ میں ایک بل پیش کیا اور اسے گورنر کے پاس بھیجا کہ آرڈیننس جاری کیا جائے۔ حکومت نے قبل ازیں عاملہ کے حکم کے ذریعہ کوٹہ میں اضافہ کا فیصلہ کیا تھا جسے بعد میں ٹال دیا گیا۔