کرسمس کے بعد 6 ریاستوں میں بی آر ایس کی سرگرمیاں

   

کسان سیل کی تشکیل کا منصوبہ، کے سی آر سے مختلف قائدین کا ربط
حیدرآباد۔/20 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کا بی آر ایس کی سرگرمیوں کو ڈسمبر کے اواخر میں ملک کی دیگر ریاستوں میں توسیع دینے کا منصوبہ ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے نئی دہلی میں پارٹی کے قومی دفتر کا افتتاح انجام دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے پڑوسی ریاستوں میں بی آر ایس کی سرگرمیوں کی توسیع کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ ملک بھر میں بی آر ایس کی رکنیت سازی کا آغاز کیا جائے گا۔ سیاسی پارٹیوں کے علاوہ کسانوں کی تنظیموں اور مختلف سماجی گروپس اور جہد کار و دانشور خود کو بی آر ایس کی سرگرمیوں سے وابستہ کرنے تیار ہیں۔ کے سی آر نے قومی سطح پر بی آر ایس کے ذریعہ کسانوں کے حق میں مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اب کی بار کسان سرکار کے نعرہ کے ساتھ بی آر ایس کا اعلان کیا گیا۔ کرسمس فیسٹول کے بعد پارٹی قائدین مختلف ریاستوں کا دورہ کریں گے۔ کئی سابق ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین اپنی ٹیموں کیساتھ شمالی ہندکے علاوہ مشرقی اور دیگر علاقوں کے دورہ پر ہیں جوکے سی آر کو رپورٹ پیش کریں گے۔ ختم ڈسمبر تک پنجاب، ہریانہ، مہاراشٹرا، کرناٹک، اوڈیشہ، آندھرا پردیش اور تلنگانہ میں بی آر ایس کے کسان سیل قائم کئے جائیں گے۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ اے پی میں بی آر ایس کے حق میں کافی جوش و خروش ہے۔ کئی قائدین نے نئی دہلی اور حیدرآباد میں کے سی آر سے ملاقات کی ہے۔ یو پی کے 70 تا 80 قائدین بی آر ایس سے وابستہ ہونے کیلئے تیار ہیں۔ مہاراشٹرا، اوڈیشہ ، کرناٹک اور دیگر ریاستوں کے قائدین بھی کے سی آر سے ربط میں ہیں۔ کے سی آر مختلف ہندوستانی زبانوں میں بی آر ایس کے ایجنڈہ کی تیاری میں مصروف ہیں۔ کرسمس کے بعد 6 ریاستوں میں بی آر ایس کی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔ ڈسمبر کے اواخر میں کے سی آر قومی میڈیا سے ملاقات کا آغاز کریں گے۔ر