حیدرآباد۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر سیتا اَکا نے بی آر ایس لیڈر کویتا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس ، کام کا نام‘‘ ہے، جبکہ ’’بی آر ایس، کرپشن کا نام‘‘ ہے۔ انہوں نے کونسل میں کویتا کی جانب سے کانگریس حکومت پر تنقید کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ کی توہین نہیں کی بلکہ کے سی آر خاندان نے تلنگانہ کو رسواء و بدنام کیا اور کرپشن، بی آر ایس کے ڈی این اے میں شامل ہے۔ کانگریس کے ایک سالہ دور حکومت میں 57 ہزار سرکاری ملازمتیں فراہم کرنے کو بی آر ایس برداشت نہیں کرپارہی ہے اور حکومت پر جھوٹے الزامات لگاتے ہوئے بی آر ایس کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر تقررات نامے تقسیم کرنے کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔ سیتا اکا نے کویتا سے سوال کیا کہ کیا کانگریس پارٹی نے بی آر ایس حکومت کو ملازمتیں فراہم کرنے سے روکا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے 10 سالہ دور حکومت میں ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کچھ بھی نہیں کیا گیا، لیکن ریاست کو 7 لاکھ کروڑ روپئے کا مقروض بنادیا گیا۔ وزیر برائے خواتین و بہبودیٔ اطفال سیتا اَکا نے مزید کہا کہ بجٹ میں 4 لاکھ روپئے قرض کا جو حوالہ دیا جارہا ہے، وہ حکومت کی جانب سے حاصل کردہ ہے ، جبکہ کارپوریشنس کے ذریعہ مزید 3 لاکھ کروڑ روپئے کا قرض لیا گیا ہے۔ انتخابات سے قبل چند ڈبل بیڈروم مکانات الاٹ کئے گئے۔ خواتین کو بسوں میں مفت سفر کرنے کی سہولت فراہم کی گئی جو بی آر ایس کو ہضم نہیں ہورہی ہے۔ خاتون وزیر نے یہ بھی کہا کہ صرف ایک فیصد ووٹ کی وجہ سے ہی بی آر ایس اقتدار سے محروم ہوگئی اور کانگریس برسراقتدار آگئی۔ 2