کریم نگر کو انتہائی خوبصورت شہر بنانے کی طرف پیشرفت

   


کیبل برج روڈ کے کاموں کو 31 دسمبر تک مکمل کرنے کے اقدامات، وزیر گنگولاکملاکر کا بیان

کریم نگر ۔ 27 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کیبل برج اپروج روڈ کے کاموں کو 31 دسمبر تک مکمل کرنے اور اسے عوام کے لئے دستیاب کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ریاستی وزیر برائے بہبود پسماندہ طبقات وسیول سپلائز گنگولا کملا کرنے یہ بات کہی۔ 26 نومبر بروز ہفتہ وزیر گنگولا کملاکر بے محکمہ سیاحت کے ایم ڈی، محکمہ آبپاشی ای این سی، ایس آر ایس سی ای، سٹی میئر اور ضلع کلکٹر کے ہمراہ کیبل برج کی تعمیر، اپروچ روڈ اور مانیر ریور فرنٹ کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ کاموں کے نقشوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر موصوف نے صحافیوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ شہر کریم نگر کو انتہائی خوبصورت بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اپروچ روڈ کے کام تیز رفتاری سے جاری ہے اور 31 دسمبر سے قبل ان کاموں کو مکمل کرتے ہوئے اپروچ روڈ کو عوام کے لئے قابل رسائی بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں مانیر ریور فرنٹ دریا بیچ میں لیولنگ کے کام بھی جاری ہیں۔ ایم آر ایف کی دیوار کے دو کیلو میٹر کے کام مکمل ہوچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ دسمبر 2023 تک ایم ایم اے آر ای ایف کی تعمیر مکمل کرنے کا عزم کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ان کاموں کی تکمیل کے بعد شہر انتہائی خوبصورت سیاحتی مناظر کا حامل شہر ہوگا۔ محکمہ آبپاشی کے ای این سی مرلی دھر راؤ نے کہا کہ کام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری ہیں۔ ایم آر ایف کی دستیابی کے ساتھ مقامی افراد کو روزگار کے مواقع کی فراہمی میں اضافہ ہوگا۔ محکمہ سیاحت کے ایم ڈی منوہر نے کہا کہ ایل ایم ڈی کالیشورم پراجکٹ سے بھر جائے گا اور ایل ایم ڈی کی خوبصورتی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر کریم نگر کو انتہائی خوبصورت بنانے کے مقصد سے کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر میئر سنیل راؤ، ڈسٹرکٹ کلکٹر آر وی کرنن، ڈسٹرکٹ لائبریری کارپوریشن چیرمین انیل گوڑ، سواڈا چیرمین جی وی رام کشن راؤ، ایس آر ایس پی سی ای، ای ای سمباشیوا راؤ، آر ڈی او آنند کمار، آبپاشی، محکمہ آر اینڈ بی کے عہدیداروں کونسلرس اور دیگر نے شرکت کی۔