کستوربا گاندھی اسکول کا معائنہ، ناقص صفائی پر کلکٹر کی برہمی

   

نظام آباد 8 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ایلا ترپاٹھی نے جمعرات کو سرکنڈہ منڈل کے پیدّاول گوٹ گاؤں میں واقع کستوربا گاندھی گرلز اقامتی اسکول کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے اسکول میں صفائی کے ناقص انتظامات اور بعض بنیادی سہولتوں کی عدم تکمیل پر برہمی کا اظہار کیا۔ ضلع کلکٹر نے اسکول کے احاطہ، کچن، اسٹور روم اور جماعتوں کا معائنہ کیا اور احاطہ میں جھاڑیاں اور گندگی پائی جانے پر انتظامیہ سے وضاحت طلب کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر طالبات زہریلے کیڑوں کا شکار ہوجائیں تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوگی، اور فوری طور پر صفائی کرانے کے ساتھ مچھروں کی افزائش روکنے کے اقدامات کی ہدایت دی۔ انہوں نے عملہ اور طالبات کی ایف آر ایس نظام کے تحت حاضری کا بھی جائزہ لیا اور بعض ملازمین کی حاضری کے ریکارڈ میں خامیوں پر ناراضی ظاہر کرتے ہوئے خبردار کیا کہ حاضری میں بے قاعدگی پائی گئی تو تنخواہیں روک دی جائیں گی۔ ضلع کلکٹر نے بیت الخلاء، فلورنگ اور دیگر تعمیراتی کاموں کے آغاز میں تاخیر پر متعلقہ انجینئرنگ عہدیداروں سے سوال کرتے ہوئے کستوربا اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے اور معیار کی نگرانی کی ہدایت دی۔