کشتی حادثہ میں 100 سے زائد افراد ہلاک

   

شادی کا گھر ماتم کدہ بن گیا

لاگوس : دریائے نائجر میںتقریباً 300 باراتیوں کو لے کر واپس لوٹ رہی کشتی لکڑی کے ایک کندے سے ٹکرا کر دو حصوں میں ٹوٹ گئی۔ حکام کے مطابق غرقاب ہو جانے والی کشتی پر سوار افراد کی تلاش کیلئے ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔پولیس اور مقامی حکام کے مطابق شمال وسطی نائجیریا کے کوارا ریاست میں دریائے نائجر میں پیر کے روز ایک کشتی کے غرقاب ہو جانے سے 100 سے زیادہ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ لوگ ایک شادی میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔حکام نے بتایا کہ کشتی پر 300 سے زیادہ افراد سوار تھے اور یہ نائجر ندی میں لکڑی کے ایک کندے سے ٹکرانے کے بعد دو حصوں میں ٹوٹ کر غرقاب ہوگئی۔ پولیس ترجمان اوکاسانمی اجائی نے اے ایف پی کو ٹیلی فون پر بتایا کہ کشتی حادثے میں اب تک 103 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے جب کہ تقریباً 100 افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ چہارشنبہ کے روز بھی تلاش اور امداد کا کام جاری ہے اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ایک مقامی ذمہ دار عبدالغنا لکپاڑا نے بتایا کہ کشتی پر گنجائش سے زیادہ لگ بھگ 300 افراد سوار تھے، جب یہ باراتی واپس لوٹ رہے تھے تو کشتی لکڑی کے ایک بڑے کندے سے ٹکرا گئی اور دو حصوں میں تقسیم ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ پیر کے روز صبح تین بجے پیش آیا اور اس کے چند گھنٹے کے بعد بچاؤ اور راحت کی کارروائی شروع کی گئی۔ متاثرین کوارا کے پتیگی ضلع سے شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس لوٹ رہے تھے۔ دریائے نائجر نائجیریا کے بڑے دریاوں میں سے ایک ہے۔ گنجائش سے زیادہ سواری، حفاظتی اقدامات کے فقدان اور موسم برسات میں سیلاب کی وجہ سے نائجیریا میں کشتی حادثے عام بات ہیں۔