جموں،25مئی(یو این آئی) جموں و کشمیر سے ممبئی تک 24 ٹن چیری لے جانے والی پہلی مال بردار ریل گاڑی آئندہ ماہ روانہ ہونے کو تیار ہے ، مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اسے ایک تاریخی پیش رفت قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی ذاتی نگرانی کو اس کامیابی کا اصل محرک قرار دیا ہے ۔ڈاکٹر جتندر سنگھ نے اتوار کو ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘ادھمپور-سرینگر-بارہمولہ ریلوے لنک منصوبہ ، جو 1994-95 میں منظور ہوا تھا، کئی برسوں تک تعطل کا شکار رہا۔ لیکن 2014 میں وزیر اعظم مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد اس منصوبے کو نئی زندگی ملی اور آج کشمیر کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی ریلوے لائن حقیقت بن چکی ہے ۔’انہوں نے بتایا کہ اب جموں ڈویژن کے ماتحت نئے قائم شدہ ریلوے سیکشن نے کٹرا سے ممبئی (باندرہ) کے لیے پہلی مکمل پارسل وین کا اندراج کر لیا ہے ، جو 3 جون کو 24 ٹن تازہ چیری لے کر روانہ ہوگی۔ یہ ٹرین صرف 30 گھنٹوں میں ممبئی پہنچے گی۔ناردرن ریلوے جموں کے سینئر ڈویژنل کمرشل مینیجر اُچت سنگھل کے مطابق یہ قدم جموں و کشمیر کے محکمہ باغبانی اور پھل پیدا کرنے والے کسانوں کے ساتھ مشاورت کے بعد اٹھایا گیا ہے ، تاکہ پھلوں کو سڑک کے بجائے ریل کے ذریعے کم وقت میں اور کم نقصان کے ساتھ منڈیوں تک پہنچایا جا سکے ۔انہوں نے کہا، ‘یہ نہ صرف ریلوے کے لیے بلکہ کسانوں اور ریاست کی معیشت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگا۔