سری نگر: وسطی کشمیر کے ضلع سری نگر کے مضافاتی علاقہ رنبیر گڑھ میں ہفتے کی صبح ہونے والے تصادم میں لشکر طیبہ نامی جنگجو تنظیم سے وابستہ ایک کمانڈر سمیت 2 جنگجو ہلاک جبکہ ایک فوجی جوان زخمی ہوا ہے ۔مہلوک جنگجوؤں کی شناخت اشفاق رشید ساکنہ سوزیٹھ سری نگر اور اعجاز بٹ ساکنہ پلوامہ کے بطور ہوئی ہے ۔پولیس ذرائع نے بتایا کہ اشفاق رشید لشکر طیبہ کے کمانڈروں میں سے تھا اور وہ وادی میں سال 2018 سے سرگرم تھا جبکہ اعجاز بٹ بھی لشکر کے پلوامہ کیڈر کا ایک اہم رکن تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے جائے تصادم آرائی سے ایک اے کے 47 رائفل اور ایک پستول بھی برآمد کی ہے ۔قبل ازیں ذرائع کے مطابق جنگجوؤں کے چھپنے کی مصدقہ اطلاع ملنے پر فوج کی 29 آر آر اور پولیس کے سپیشل آپریشنز گروپ کی ایک مشترکہ ٹیم نے ہفتے کی علی الصبح رنبیر گڑھ کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ اس دوران جب تلاشی آپریشن کی ایک ٹیم مشتبہ مکان کے قریب پہنچی تو وہاں پناہ لئے جنگجوؤں نے ان پر فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا۔ایک رپورٹ میں ایک سینئر پولیس عہدیدار کے حوالے سے کہا کہ طرفین کے درمیان مسلح تصادم میں ایک فوجی اہلکار ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مضروب فوجی اہلکار کو 92 بیس ہسپتال سری نگر منتقل کیا گیا ہے ۔قابل ذکر ہے کہ سال رواں کے دوران مختلف تصادم آرائیوں کے دوران اب تک 138 جنگجو مارے گئے ہیں جن میں سے بعض اعلیٰ کمانڈر بھی شامل ہیں۔