حیدرآباد 9 مارچ (سیاست نیوز) بی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر راؤ نے 11 مارچ کو بی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ 12 مارچ سے اسمبلی اور کونسل بجٹ اجلاس کے پیش نظر حکمت عملی طے کرنے مقننہ پارٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ۔ 11 مارچ کو ایک بجے دن تلنگانہ بھون میں اجلاس طلب کیا گیا ہے جس میں ارکان اسمبلی اور کونسل کو شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔ سابق چیف منسٹر طویل عرصہ کے بعد لیجسلیچر پارٹی سے خطاب کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمبلی اور کونسل کی حکمت عملی کے علاوہ دونوں ایوانوں میں پیش کئے جانے والے عوامی مسائل اور حکومت کی ناکامیوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ حالیہ گریجویٹ اور ٹیچرس زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں کے انتخابی نتائج کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کے سی آر نے اسمبلی اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں عدم شرکت کے نتیجہ میں کے سی آر کو حکومت کی تنقیدوں کا سامنا ہے۔ کے سی آر نے گزشتہ ایک سال میں صرف ایک دن کیلئے اسمبلی اجلاس میں شرکت کی تھی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی اور وزراء اُنھیں مسلسل تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے قائد اپوزیشن کے عہدہ پر کسی اور قائد کو مقرر کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔1