بھوپال : کرناٹک کے بعد مدھیہ پردیش کے وزیر برائے اسکول تعلیم اندر سنگھ پرمار نے پہلے ریاست کے اسکولوں میں حجاب پر پابندی کی بات کہی تھی لیکن سیکولر سماج اور مسلم تنظیموں کے احتجاج اور وزیر اعلی کے سخت تیور کے بعد وزیر تعلیم نے مدھیہ پردیش کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی لگانے کے معاملے کو واپس لے لیا تھا۔ اس کے باؤجود بھی اب تک مدھیہ پردیش کے گنا، کٹنی اور دتیا میں مسلم لڑکیوں کے حجاب پہن کر اسکول اور کالج جانے پر ہندو تنظیموں کی جانب سے احتجاج کیا جا چکا ہے۔ ابھی حجاب پر سیاست کا معاملہ کم بھی نہیں ہوا تھا کہ مدھیہ پردیش کے ساگر کی ڈاکٹر ہری سنگھ گور سینٹرل یونیورسٹی میں کلاس روم میں لڑکیوں کے نماز ادا کرنے پر نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔ ہندو تنظیموں کے احتجاج کے بعد یونیورسٹی وائس چانسلر نے معاملے کی جانچ کے لئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔