کنٹونمنٹ اسکائی وے انڈر پاس کے منصوبہ میں تبدیلی

   

بیگم پیٹ ایرپورٹ سے گزارنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے کنٹونمنٹ اسکائی وے انڈر پاس کے منصوبہ میں تبدیلی کی ہے۔ پیراڈائیز سرکل تا سچترا جنکشن اسکائی وے کے تحت 6 لائین پر مبنی انڈر پاس بیگم ایر پورٹ سے ہوکر گزرے گا۔ ابتدائی منصوبہ میں اسے تاڑبن جنکشن سے گزارنے کی تجویز تھی ۔ وزارت دفاع کی جانب سے مجوزہ انڈر پاس کے لئے ڈیفنس اراضی کی منظوری کے بعد یہ تبدیلی کی گئی۔ حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے بلوپرنٹ میں تبدیلی کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کو بلو پرنٹ کی تبدیلی سے واقف کراتے ہوئے وجوہات بیان کی گئیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں انڈر پاس کے لئے سابق منصوبہ میں کئی رکاوٹیں کیں جبکہ نئے منصوبہ کے تحت کسی طرح کے ٹریفک جام کے بغیر اسکائی وے انڈر پاس مکمل کیا جاسکتا ہے۔ نئے منصوبہ کے مطابق انڈر پاس بیگم پیٹ ایرپورٹ سے گزرے گا۔ بابو جگجیون رام کے مجسمہ سے شروع ہوکر بوئن پلی جنکشن پر اختتام عمل میں آئے گا۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ اسکائی وے انڈر پاس سے بیگم پیٹ ایرپورٹ کے رن وے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس سلسلہ میں بیگم پیٹ ایرپورٹ اتھاریٹی کو واقف کرایا گیا ہے۔1