کورونا کیسوں میں اضافہ و اموات کیلئے کے سی آر حکومت ذمہ دار

,

   

اتم کمار ریڈی کا الزام، کانگریس کے اسپیک اَپ تلنگانہ پروگرام میں شرکت
حیدرآباد۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کورونا ٹسٹنگ اور علاج کی سہولتوں میں اضافہ کیلئے حکومت کی عدم توجہی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تلنگانہ میں کورونا کے تیزی سے پھیلاؤ کیلئے حکومت ذمہ دار ہے۔ روزانہ مریضوں اور اموات کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے لیکن حکومت ہیلت بلیٹن میں حقائق پیش کرنے سے گریز کررہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ حکومت کی لاپرواہی کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کورونا کی صورتحال مزید ابتر ہوسکتی ہے۔ پارٹی کے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر اسپیک اَپ تلنگانہ پروگرام کے تحت اتم کمار ریڈی نے آن لائن خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر ابتداء ہی سے کورونا کے بارے میں بے حسی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کورونا کو نارمل فلو قرار دے کر پیراسیٹامول گولی سے علاج کا دعویٰ کیا تھا۔ کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ملک کی مختلف ریاستیں بہتر قدم اٹھارہی ہیں لیکن کے سی آر حکومت نے عوام کو کورونا کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ چیف منسٹر کے سرکاری ہاسپٹلس میں موثر علاج سے متعلق دعوے کھوکھلے ثابت ہوئے اور عوام سرکاری ہاسپٹلس جانے سے خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹسٹنگ کے معاملہ میں تلنگانہ دیگر ریاستوں سے پیچھے ہے۔ عثمانیہ ہاسپٹل کی ابتر صورتحال حکومت کے دعوؤں کا پول کھولنے کیلئے کافی ہے۔ ڈاکٹرس اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو غیر معیاری کٹس سربراہ کئے جارہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کورونا کو آروگیہ شری اسکیم کے تحت شامل کرنے اور غریبوں کا مفت علاج کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسپیک اَپ پروگرام میں ہزاروں قائدین اور کارکنوں نے حصہ لیتے ہوئے ویڈیوز، تصاویر اور بیانات کے ذریعہ کورونا سے نمٹنے میں حکومت کی ناکامی کو بے نقاب کیا ہے۔ انہوں نے میڈیکل اینڈ ہیلت، صفائی عملہ ، پولیس اور صحافیوں کو کورونا سے موت کی صورت میں 50 لاکھ روپئے ایکس گریشیا اور دیگر اموات پر 10 لاکھ کی امداد کا مطالبہ کیا۔