نئی دہلی : ملک میں ہلاکت خیز کورونا وائرس کی وبا کے کیسزانتہائی تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ایک لاکھ 79 ہزار 723 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، دوسری جانب ایکٹیو کیسز کی تعداد بھی سات لاکھ 23 ہزار 619 ہو گئی ہے۔ دریں اثنا، اتوار کو 29 لاکھ 60 ہزار 975 افراد کو کووڈ ویکسین لگائی گئی اور پیر کی صبح 7 بجے تک موصول ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں اب تک ایک ارب 51 کروڑ 94 لاکھ 5 ہزار 951 افراد کو ویکسین دی جاچکی ہے ۔مرکزی وزارت صحت کی طرف سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 79 ہزار 723 نئے کیسز سامنے آنے سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر تین کروڑ 57 لاکھ سات ہزار 727 ہو گئی ہے ۔نئے کیسز میں اضافے کے ساتھ ایکٹیو کیسز کی تعداد سات لاکھ 23 ہزار 619 ہو گئی ہے ۔ اسی عرصے میں مزید 146 مریضوں کی موت کے بعد اموات کی مجموعی تعداد چار لاکھ 83 ہزار 936 ہو گئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار 569 مریض صحت یاب ہونے کے بعد اس وبا سے چھٹکارا پانے والوں کی مجموعی تعداد تین کروڑ 45 لاکھ 172 ہو گئی ہے ۔ اسی مدت میں 13 لاکھ 52 ہزار 717 کووڈ ٹسٹ کیے گئے ہیں۔ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 2.03 ہے اور صحت یاب ہونے کی شرح 96.62 فیصد جبکہ اموات کی شرح 1.36 فیصد ہے ۔دوسری طرف ملک کی 27 ریاستوں میں اب 4033 افراد کووڈ کے نئے ویرینٹ اومی کرون سے متاثر پائے گئے ہیں، جن میں مہاراشٹرا میں سب سے زیادہ 1216، دہلی میں513 اور کرناٹک میں 441 کیسز ہیں۔ اومی کرون سے 1552 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔اس وقت ملک میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ فعال کیسز ریاست مہاراشٹرا میں ہیں، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29025 کے اضافے سے ایکٹیو کیسز کی مجموعی تعداد بڑھ کر 205973ہو گئی ہے اور مرنے والوں کی تعداد 12 کے اضافہ کیساتھ141639 ہو گئی ہے ۔ ریاست میں 15351 مریضوں کے صحت یاب ہونے کے ساتھ ہی کورونا سے شفایاب لوگوں کی تعداد بڑھ کر 6572432 ہو گئی ہے۔ مہاراشٹرا کے بعد ریاست مغربی بنگال دوسرے اور دہلی مجموعی ایکٹیو کیسز میں تیسرے نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔ مغربی بنگال میں مذکورہ مدت کے دوران کورونا کے ایکٹیو کیسز 16056 سے بڑھ کر 78111 ہو گئے ہیں۔ ریاست میں اس وبا سے مزید 18 افراد کی موت کے بعد مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 19901 ہو گئی ہے جب کہ اب تک ریاست میں 1657034 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔