حیدرآباد : /20 ڈسمبر (سیاست نیوز) کولڈرنک سرقہ کے شبہ میں کمسن لڑکے کو برہنہ کرکے اسے زدوکوب کرنے کے الزام میں ملوث کرانہ شاپ کے مالک کو حبیب نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 9 سالہ کمسن لڑکا حبیب نگر علاقہ میں واقع ایک کرانہ دوکان کو سودا خریدنے گیا جہاں پر دوکاندار کرشنا نے سرقہ کا الزام لگاتے ہوئے اسے پکڑلیا ۔ بعد ازاں کمسن بچہ کو مکان کی چھت پر لے جاکر اسے برہنہ کرنے کے بعد ہاتھ پیر باندھنے کے بعد آنکھ اور بچے کے اعضائے مخصوص پر مرچ پاؤڈر لگایا ۔ بعد ازاں اس کی پلاسٹک کے پائیپ سے بھی پٹائی کی ۔ اس حرکت کو کرشنا نے اپنے موبائل فون میں قید کیا اور لڑکے کو زدوکوب کرتے ہوئے اسے جبراً جرم کا اقرار کرنے پر مجبور کیا۔ لڑکا وہاں سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگیا اور اس حرکت کے بارے میں اپنے والدین کو اطلاع دی ۔ ماں باپ نے فوری حبیب نگر پولیس اسٹیشن سے رجوع ہوکر اس سلسلہ میں ایک شکایت درج کروائی جس کے بعد پولیس فوری حرکت میں آکر متاثرہ لڑکے کو سرکاری دواخانہ علاج کیلئے منتقل کیا ۔ دوکاندار کو پولیس نے گرفتار کرتے ہوئے اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔
طوفان مندوس، کسانوں کومعاوضہ کامطالبہ، بی جے پی کا احتجاج
حیدرآباد20 دسمبر(یواین آئی) حال ہی میں آندھرا پردیش میں آئے طوفان مندوس کے سبب فصلوں کو ہوئے نقصانات پر معاوضہ اداکرنے کامطالبہ کرتے ہوئے بی جے پی قائدین نے ضلع نیلور کے کلکٹریٹ کے سامنے احتجاج کیااور کلکٹر کو میمورنڈم بھی حوالے کیا۔ احتجاجی لیڈروں نے کہا کہ اس طوفان کے سبب کسانوں کا شدید نقصان ہوا ہے ۔حکومت ان کی مدد کرے اور ساتھ ہی حکومت کسانوں کی فصلوں کو امدادی قیمت پر حاصل کرے ۔بی جے پی لیڈرانجئے ریڈی نے مطالبہ کیاکہ ریاست بھر کے کسانوں کی مدد کے لئے ریاستی حکومت آگے آئے ۔یہ مشکل صورتحال صرف نیلورضلع کے کسانوں کی نہیں ہے بلکہ پوری ریاست کے کسانوں کی ہے ۔