کووڈ ادویات، آکسیجن اور آلات کی دستیابی یقینی بنائیں

   

دواخانوں میں کم از کم 48 گھنٹوں کے علاج کا مکمل انتظام موجود ہو ۔ ریاستوں کو مرکز کی ہدایت

نئی دہلی :کووڈ کے کیسز میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر مرکزی حکومت نے ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کووڈ ادویات، آکسیجن اور معاون آلات کا مناسب ذخیرہ کو یقینی بنائیں۔مرکزی وزارت صحت اور خاندانی بہبود کے سکریٹری راجیش بھوشن نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے پرنسپل سکریٹریز اور ہیلتھ سکریٹریوں کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ کووڈ وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کو دیکھتے ہوئے تمام ادویات، آکسیجن اور معاون آلات کی ذخیرہ اندوزی اور دستیابی کو یقینی بنایا جائے ۔ کل دیر شام لکھے گئے اس خط کی ایک کاپی بدھ کو یہاں جاری کی گئی۔ ہیلتھ سکریٹری نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت ملک بھر میں آکسیجن پلانٹس اور صحت کی خدمات کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے ۔ طبی آکسیجن وبائی امراض کے اثرات سے نمٹنے میں ایک اہم عنصر ہے ۔ اس کے لیے مرکزی حکومت آکسیجن پلانٹ لگانے اور مریضوں کو اس کی فراہمی کو یقینی بنانے میں مدد کر رہی ہے ۔ بھوشن نے کہا کہ کووڈ کی صورتحال کے پیش نظر صحت کی دیکھ بھال کے تمام مراکز میں آکسیجن کی دستیابی کو یقینی بنایا جانا چاہیے ۔ اسپتالوں میں کم از کم اگلے 48 گھنٹوں تک کووڈ کے علاج میں استعمال ہونے والی ادویات اور آکسیجن کا مناسب ذخیرہ ہونا چاہیے ۔اسپتالوں میں آکسیجن ٹینکر بھرے اور سپلائی کا نظام ہموار ہونا چاہیے ۔خط میں کہا گیا ہے کہ ملک میں آکسیجن کی پیداوار کے مناسب پلانٹس موجود ہیں اور ان کے آپریشن کو یقینی بنایا جائے ۔ آکسیجن سلنڈر بھرے اور کام کرنے کی حالت میں ہونے چاہئیں۔ اسپتالوں کے پاس ہنر مند انسانی وسائل ہونے چاہیے اور اسے تربیت یافتہ افراد کے ذریعے آپریٹ کیا جانا چاہئے ۔ پرائیویٹ اسپتالوں کے ساتھ ہم آہنگی ہونی چاہیے ۔ اس کے علاوہ آکسیجن کنٹرول روم بھی بنائے جائیں۔