کوویڈ 19 ویکسین کی تیاری ختم سال تک حیدرآباد میں ہوگی

,

   

گورنر کی بھارت بائیو ٹیک کے سائنسدانوں سے ملاقات‘ حیدرآباد پر دنیا کی نظریں

حیدرآباد۔ ریاستی گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ کوویڈ 19 کی ویکسین کیلئے ساری دنیا حیدرآباد کی طرف دیکھ رہی ہے۔ حیدرآباد کے سائنسداں اور ریسرچ کے ماہرین مہلک وائرس کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی تیاری میں دن رات مصروف ہیں۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ جاریہ سال کے ختم تک حیدرآباد کے سائنسداں ویکسین تیار کرلیں گے۔ گورنر نے ویکسین کی تیاری میں مصروف سائنسدانوں سے بھارت بائیو ٹیک کیمپس میں ملاقات کی اور تبادلہ خیال کیا۔ گورنر نے سائنسدانوں کی مساعی کی ستائش کی اور جلد کامیابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ گورنر نے کہا کہ میں تمام سائنسدانوں اور ریسرچرس کو سلیوٹ کرتی ہوں جو کوویڈ 19 کی ویکسین کیلئے محنت کررہے ہیں۔ نہ صرف تلنگانہ اور ہندوستان بلکہ ساری دنیا کو اُمید ہے کہ ہمارے سائنسداں بااثر‘ محفوظ اور عوام کی استطاعت کے مطابق ویکسین تیار کرلیں گے۔ سوندرا راجن نے کہا کہ کورونا سے کئی اہم شخصیتوں اور عام آدمی کی موت پر انہیں دکھ ہے۔ انہوں نے انسانیت کو متاثر کرنے والی کوویڈ 19 کی اثر دار ویکسین کی تیاری جاریہ سال کے اختتام تک مکمل ہونے کی اُمید ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیئے کہ ویکسین کم قیمت کی ہو اور دنیا میں ہر فرد کیلئے قابل خرید ہو۔ تمام ایسے افراد جو سماجی اور معاشی سطح پر مضبوط یا کمزور موقف رکھتے ہوں ان کیلئے ویکسین قابل دسترس ہو۔ انہوں نے ویکسین کی تیاری کے بعد عوام میں شعور بیداری اور استعمال کی ترغیب دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی چیلنج ویکسین کے استعمال کو یقینی بناناہے۔ بھارت بائیوٹیک کے بانیان ڈاکٹر کرشنا ایم ایلا اور ڈاکٹر سچترا ایلا اور دیگر سائنسدانوں نے گورنر کو تفصیلات سے واقف کرایا۔