ایف ٹی ایل اور بفر زون کی اراضی واپس حاصل کرنے میں کامیابی ۔ عمارتوں کے مالکین کے احتجاج کی کوشش ناکام
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) تالابوں کے پشتوں اور بفر زون میں تعمیرات کے خلاف ’ حیڈرا نے آج دوبارہ اپنی کاروائیوں کا احیاء کرتے ہوئے کوکٹ پلی ‘ امین پور کے علاوہ کشٹاریڈی پلی میں بڑے پیمانے پر زائد از 70عمارتوں کو منہدم کیا اس کارروائی کے دوران ’ حیڈرا ‘کے دعوے کے مطابق تالابوں کے ایف ٹی ایل میں غیر قانونی تعمیرات کو برخواست کرکے 8 ایف ٹی ایل اور بفر زون کی اراضی کو واپس حاصل کیا گیا ۔ کشٹاریڈی پیٹ ‘ امین پور ‘ اور کوکٹ پلی میں نلا چیروو کے ایف ٹی ایل میں ان تعمیرات کو عوام کے سخت احتجاج اور مداخلت کے دوران ’ حیڈرا ‘کے حکام ‘ محکمہ مال ‘ محکمہ ٹاؤن پلاننگ اور دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کی نگرانی میں منہدم کیا گیا ۔ ’ حیڈرا ‘کے عہدیداروں کے مطابق جن عمارتوں میں مکین موجود ہیں انہیں منہدم کرنے سے گریز کیاگیا جبکہ 4ایکڑ ایف ٹی ایل اور بفر زون میں زائد از 50 تعمیرات بشمول پکے مکانات‘ اپارٹمنٹس ‘ شیڈس کو منہدم کیاگیا ۔کوکٹ پلی نلا چیروو جو کہ 27ایکڑ پر محیط ہے اس میں 7 ایکڑ ایف ٹی ایل اور بفر زون میں غیر قانونی تعمیرات تھیں جنہیں برخواست کرنے اقدامات کئے گئے اور اس کارروائی میں 4ایکڑ اراضی واپس حاصل کرلی گئی ۔ ایف ٹی ایل کے 3ایکڑ میں 25 عمارتیں اور 16 شیڈس تعمیر کئے گئے تھے جنہیں منہدم کرکے ایف ٹی ایل کو بحال کرنے اقدامات کئے گئے ہیں۔ کشٹاریڈی پیٹ ‘ امین پور منڈل اور پٹیل گوڑہ میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بھی ’ حیڈرا ‘سے کارروائی کرکے مکانات ‘ تجارتی مراکز اور اپارٹمنٹس کو منہدم کیاگیا ہے۔ ’ حیڈرا ‘سے جاری تفصیلات کے مطابق آج کی کارروائی میں 4 ایکڑ ایف ٹی ایل نلا چیروو کوکٹ پلی میں واپس حاصل کیا گیا جبکہ 1ایکڑ ایف ٹی ایل کشٹا ریڈی پیٹ میں واپس حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے اسی طرح 3 ایکڑ ایف ٹی ایل پٹیل گوڑہ میں انہدامی کاروائی میں واپس حاصل کیاگیا ۔’ حیڈرا ‘کی ان کارروائیوں میںمقامی عوام بالخصوص جائیداد مالکین نے سخت احتجاج کی کوشش کی لیکن بھاری پولیس بندوبست کے ذریعہ مالکین جائیداد کو قریب پہنچنے سے روکتے ہوئے تعمیرات کو منہدم کیا گیا ۔ تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں سیلاب کی صورتحال اورکطھمم و دیگر مقامات پر بھاری بارش کے دوران ’ حیڈرا ‘کی کارروائیوں پر گذشتہ 15 یوم سے روک لگا ہوا تھا لیکن آج صبح کی اولین ساعتوں میں ’ حیڈرا ‘کی کاروائیوں کے احیاء نے شہر میں ایک مرتبہ پھر ’ حیڈرا ‘کی کاروائیوں کو موضوع بحث بنایا ہے ۔کشٹاریڈی پیٹ میں سروے نمبر 164 میں ’ حیڈرا ‘نے تین منزلہ عمارتوں کو منہدم کرنے سے گریز نہیں کیا۔اسی طرح سروے نمبر 12پٹیل گوڑہ میں 12 بنگلے مکمل منہدم کردیئے گئے ۔احتجاجی مالکین نے ’ حیڈرا ‘عہدیداروں پر الزام عائد کیا کہ ان کی جائیدادوں کو منہدم کرنے سے قبل نوٹس جاری نہیں کی گئی جبکہ ’ حیڈرا ‘کے عہدیداروں کا کہناہے کہ غیر قانونی قبضہ جات اور تعمیرات کے انہدام اور تالابوں پر قبضوں کی برخواستگی کیلئے نوٹس کی ضرورت نہیں ہے اسی لئے بغیر نوٹس کاروائی کی جا رہی ہے۔3