کوہ امام ضامن کی اراضی پر مقدمات میں ناکامیاں

   


گمشدہ فائیلس کو تلاش کرنے کی ہدایت ، چیرمین وقف بورڈ کا اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔16۔ڈسمبر(سیاست نیوز) کوہ امام ضامن کی اراضی پر جاری مقدمات اور ان میں ہونے والی ناکامیوں کے علاوہ زیر دوراں مقدمات کا آج صدرنشین تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان نے جائزہ اجلاس منعقد کیا ۔ اس اجلاس میں شیعہ رکن وقف بورڈ مولانا سید نثارحسین حیدرآغا ‘ وقف بورڈ کے اسٹینڈنگ کونسل جناب ابو اکرم کے علاوہ شعبہ لیگل سیل کے عہدیدار موجود تھے۔صدرنشین بورڈ نے اجلاس کے دوران کوہ امام ضامن کی موقوفہ اراضی کی تفصیلات کے علاوہ متعلقہ تمام دستاویزات طلب کرتے ہوئے کہا کہ جن فائیلس کی گمشدگی کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں ان فائیلس کو فوری تلاش کرنے کے اقدامات کئے جائیں اور شعبہ لیگل سیل کے حوالہ کرتے ہوئے ان میں ہونے والی پیشرفت کا فوری جائزہ لیا جائے۔انہوں نے ابواکرم کو ہدایت دی کہ وہ کوہ امام ضامن کی موقوفہ اراضی پر کئے جانے والے قبضوں کی تمام تفصیلات اورعدالتوں میں جاری مقدمات اور ان کے موقف کے متعلق مکمل رپورٹ تیار کرتے ہوئے وقف بورڈ کو پیش کریں تاکہ اس موقوفہ ادارہ کی اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں اب تک کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے آئندہ کی پیشرفت کے متعلق حکمت عملی تیار کی جاسکے۔ جناب محمد مسیح اللہ خان کی جانب سے جائیداد کے متعلق تفصیلات اور عدم دستیاب فائیلس کے متعلق دی گئی ہدایات پر متعلقہ شعبہ کے عہدیداروں نے یہ عذر پیش کیا کہ حکومت کی جانب سے ریکارڈ سیکشن کو مہر بند کئے جانے کے علاوہ گرفتار شدہ سابق ملازم وقف بورڈ سلطان محی الدین کے کیبن کو تحقیقات کے نام پر پولیس کی جانب سے مہر بند رکھا گیا ہے شائد مذکورہ فائیلس ریکارڈ سیکشن یا سلطان محی الدین کے کیبن میں موجود ہیں اسی لئے انہیں مل نہیں پا رہی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ متعلقہ ملازمین کے اس استدلال کو عہدیداروں نے کسی قدر درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک یہ حصہ مہر بند رہیں گے اوقافی جائیدادوں کو نقصان کا سلسلہ جاری رہنے کا خدشہ ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ نے بتایا کہ کوہ امام ضامن کے تحت موجود تمام اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں آئندہ ایک ہفتہ میں مکمل لائحہ عمل تیار کرتے ہوئے قانونی جدوجہد کی جانے والی غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔م