کراچی ۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویراٹ کوہلی کو انگلینڈ کے خلاف جیتنے کیلئے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگلے میچ میں ٹھوس منصوبہ بندی کریں۔انہوں نے ہندوستانی ٹیم کی چینائی ٹسٹ میں شرمناک شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی سرزمین پر انگلینڈ نے بڑی کامیابی حاصل کی۔شعیب اختر نے کہا کہ یہاں سے ہندوستانی ٹیم کو بڑی واپسی کی ضرورت ہے۔سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ مضبوط انگلینڈ کا مقابلہ کرنے کے لئے کوہلی اور انتظامیہ کو ٹھوس منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔گزشتہ روز چینائی ٹسٹ میں انگلینڈ نے ہندوستان کو جیت کے لئے 420 رنز کا مشکل ہدف دیا تھا تاہم میزبان ٹیم آخری دن کے دوسرے سیشن میں 192 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی ، کپتان کوہلی 72 کے ساتھ نمایاں رہے۔کوہلی کی دوسری اننگز میں شاندار بیٹنگ کے باوجود ہندوستان کو اس مقابلے میں شکست ہوئی جس کے بعد کوہلی کی جانب سے مقابلے کیلئے کھلاڑیوں کے انتخاب اور مقابلے کے دوران اختیار کی جانے والی حکمت عملی پر تنقید کی جارہی ہے ۔