کوہیر 3 ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)بلدیہ کوہیر میں واقع تلنگانہ مائناریٹی اقامتی اسکول ( ٹمریز) کے طالبات نے اپنے تعلیمی دورے کے تحت میونسپل آفس کوہیر کا دورہ کیا جہاں انہیں بلدیاتی نظام اور عوامی خدمات کے کارکردگی سے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں اس موقع پر میونسپل کمشنر سی ششی دھر نے طلباء سے بات چیت کرتے ہوئے میونسپلٹی کے تحت انجام پانے والے مختلف امور کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں صاف صفائی کے انتظامات، پینے کے پانی کی فراہمی، اسٹریٹ لائٹس کی دیکھ بھال، مکانات کی تعمیر کے لیے اجازت ناموں کے اجراء اور پیدائش و موت کے سرٹیفکیٹس کی فراہمی کا طریقہ کار کس طرح عمل میں لایا جاتا ہے۔ مزید برآں، انہوں نے جائیداد و مکانات کے ٹیکس کی وصولی، تجارتی و پیشہ ورانہ لائسنس کے اجراء اور گیلے کچرے سے کمپوسٹ (نامیاتی کھاد) بنانے کے سائنسی عمل سے بھی طلباء کو روشناس کروایا۔ اس موقع پر ایم اشوک صدر نشین بلدیہ کوہیر، عبدالحنان جاوید نائب صدر نشین بلدیہ کوہیر، این شریشاہ رانی کونسلر۔ این سمپت کمار کونسلر۔ نمائندہ کونسلر جگدیشور کے علاوہ دیگر نے شرکت کی اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی۔