ہندوستانی شہریوں کی بھی بڑی تعداد شامل ۔ ٹرمپ حکومت میںسختی کے اندیشے
حیدرآباد۔3۔ڈسمبر۔(سیاست نیوز) کینیڈا اور امریکہ کے درمیان شمالی سرحد کے ذریعہ غیر قانونی طریقہ سے امریکہ میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والوں میں ہندوستانی شہریوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ جاریہ سال کینیڈاسے امریکہ میں داخل ہونے کی غیر قانونی کوشش کے دوران گرفتار افراد میں ہندوستانی شہریوں کی تعداد 22 فیصد سے تجاوز کرچکی ہے۔ کینیڈا کی سرحد پر موجود امریکی سرحدی نگران ادارہ کے حکام کے مطابق جاریہ سال جاری رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ کینیڈا میں مقیم ہندوستانی شہری غیر قانونی طور پر شمالی سرحد کے ذریعہ داخل ہونے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ حکام کے مطابق سال 2022 میں مجموعی طور پر 1 لاکھ 9 ہزار 535 افراد نے اس سرحد کے ذریعہ امریکہ میں داخلہ کی کوشش کی تھی جن میں ہندوستانی شہریوں کا فیصد 16 تھا لیکن سال 2023 میں پر امریکہ میں داخلہ کی کوشش میں حراست میں لئے گئے افراد کی تعداد میں اضافہ ہوا جن کی تعداد 1 لاکھ 89 ہزار 402 تک پہنچ گئی اور ان میں ہندوستانی شہریوں کا تناسب 22 فیصد رہا ۔ جن کی تعداد 30ہزار 10 ہوچکی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ امریکہ میں ڈونالڈ ٹرمپ کی بحیثیت صدر حلف برداری کے بعد سرحدوں پر سختی کے امکانات کے پیش نظر امریکہ میںغیر قانونی داخلہ کی کوششوں میں اضافہ ہوا ہے اور حالیہ عرصہ میں ہزاروں ہندوستانی شہری کینیڈا و دیگر سرحدوں سے امریکہ میں داخلہ کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ امریکہ میں برسوں سے غیر قانونی مقیم ہندوستانی شہری وطن واپسی کی تیاریاں کرنے لگے ہیں کیونکہ ٹرمپ کے جائزہ حاصل کرنے کے بعد کہا جار ہاہے کہ وہ غیر قانونی شہریوں کے خلاف کارروائی کا آغاز کرسکتے ہیں جس کے نتیجہ میں امریکہ کی تاریخ کا سب سے بڑا انخلاء شروع کیا جاسکتا ہے اسی لئے غیر قانونی طور پر امریکہ میں مقیم شہریوں میں بھی خوف و ہراس کی لہر پائی جانے لگی ہے۔3