کے سی آر مرکز میں مودی کو اقتدار سے بیدخل کریں گے

   


فرقہ پرستی کا خاتمہ ہوگا ، معیشت کے استحکام کے لیے خصوصی ایجنڈے کی تیاری : طارق انصاری
حیدرآباد ۔ 19 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے قائد طارق انصاری نے ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کرنے کے اقدام کو ملک کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح چیف منسٹر کے سی آر نے علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے میں اہم رول ادا کیا ہے ۔ اس طرح مستقبل میں مرکز سے بی جے پی کو بیدخل کرنے میں اہم رول ادا کریں گے ۔ طارق انصاری نے بتایا کہ دہلی میں ان کی چیف منسٹر کے سی آر سے خوشگوار انداز میں ملاقات ہوئی ۔ مختلف موضوعات پر بات چیت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کے سی آر کو ایک سیکولر قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات ملک کے لیے مثالی تصور کی جارہی ہیں ۔ تلنگانہ کی تحریک 60 سال سے جاری تھی مگر کے سی آر نے جب اس کی قیادت کی 14 سال میں علحدہ تلنگانہ ریاست حاصل ہوگیا ۔ تمام رکاوٹوں اور بڑی طاقتوں کو جھکانے میں انہوں نے اہم رول ادا کیا ۔ مودی کے 8 سالہ دور حکومت میں ملک مختلف مسائل اور افراتفری کا شکار ہوگیا ہے ۔ ایسے پر آشوب دور میں کے سی آر نے قومی سیاست میں تبدیلی کی لہر پیدا کرنے کے لیے علاقائی جماعت ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں تبدیل کیا ہے ۔ پانی ، زراعت ، معیشت کے علاوہ دوسرے مسائل کو حل کرنے کے لیے خصوصی ایجنڈہ تیار کیا ہے اور تمام سیکولر و ہم خیال جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے کے لیے اپنے قومی سفر کا آغاز کیا ہے ۔ بالخصوص کسانوں کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ انہیں یقین ہے کہ سی آر اپنے مقصدمیں ضرور کامیاب ہوں گے ۔۔ ن