نظام آباد۔ 5ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس حکومت نے انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں مکمل طور پر ناکامی کا مظاہرہ کیا ہے اور ریاست میں عوامی مسائل روز بروز سنگین ہوتے جارہے ہیں، یہ الزام نظام آباد اربن کے سابق رکن اسمبلی اور بی آر ایس قائد گنیش گپتا نے عائد کیا۔ بی آر ایس سربراہ کے چندرشیکھر راؤ کی اپیل پر ریاست گیر سطح پر جاری عوامی جدوجہد کے ایک حصے کے طور پر آج نظام آباد شہر میں گنیش گپتا کی قیادت میں نوجوانوں، بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی جانب سے ایک زبردست بائیک ریالی نکالی گئی، جس میں ایک ہزار سے زائد نوجوانوں اور کارکنوں نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی۔ اس موقع پر گنیش گپتا نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے اقتدار حاصل کرنے کے لیے عوام سے چھ گارنٹیوں سمیت 420 وعدے کئے تھے لیکن اقتدار میں آنے کے بعد ان وعدوں کو فراموش کردیا گیا، جس کے نتیجہ میں کانگریس حکومت کی کارکردگی مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی ہے۔گنیش گپتا نے فیس ری ایمبرسمنٹ، جاب کیلنڈر اور یوتھ ڈیکلریشن سمیت دیگر انتخابی وعدوں پر عمل درآمد میں حکومت کی مبینہ غفلت پر تنقید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بیروزگار نوجوانوں کو فوری طور پر روزگار کے حوالے سے واضح یقین دہانی کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام آج سابق بی آر ایس حکومت کے دور میں انجام دیئے گئے ترقیاتی اور فلاحی اقدامات کا موجودہ کانگریس حکومت کی کارکردگی سے تقابل کررہے ہیں اور آنے والے دنوں میں تلنگانہ میں بی آر ایس کے دوبارہ اقتدار میں آنے اور کے چندرشیکھر راؤ کے دوبارہ چیف منسٹر بننے کا یقین ظاہر کیا۔اس بائیک ریالی میں نظام آباد کی سابق میئر دندو نیتو کرن شیکھر، شہر بی آر ایس صدر سیرپا راجو، سابق NUDA چیئرمین پربھاکر ریڈی، ستیہ پرکاش، سوجیت سنگھ، نوید اقبال، جگت ریڈی کے علاوہ مقامی عوامی نمائندوں، بی آر ایس قائدین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔