کے سی آر کا ویژن اور بی آر ایس کا دور حکومت ہی تلنگانہ کی ضمانت

   

محبوب نگر میں پارٹی کے اجلاس سے محمد محمود علی کا خطاب ، رکنیت سازی اور SIR پر خصوصی توجہ دینے کا مشورہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے سینئیر قائد سابق وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے ساتھ ووٹر لسٹوں کی خصوصی نظر ثانی کی اہمیت پر زور دیا ۔ پارٹی کارکن زمینی سطح پر انتہائی چوکس رہیں اور اس بات کو یقینی بنائے کہ سیاسی سازشوں یا غفلت کی وجہ سے کوئی بھی اہل ووٹر کا نام ووٹر لسٹ سے خارج نہ ہونے پائے ۔ بی آر ایس کی رکنیت سازی کی تیاریوں کے سلسلے میں ضلع محبوب نگر ہیڈکوارٹر پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس اجلاس کی سابق وزیر وی سرینواس گوڑ نے صدارت کی اور پارٹی کے قائدین نے شرکت کی ۔ محمد محمود علی نے تلنگانہ کی تحریک اور ریاست کے حصول کے لیے پارٹی کے سربراہ کے سی آر کی قربانیوں پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے یاد دلایا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں ریاست نے فلاح و بہبود ریکارڈ ترقی اور بہترین امن و امان کے لحاظ سے ملک بھر میں ایک مثال قائم کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کی نصف میعاد مکمل ہوچکی ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عوام سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا ہے ۔ جس سے سماج کے تمام طبقات حکومت کی کارکردگی سے مایوس ہے اور جب بھی ریاست میں انتخابات منعقد ہوں گے ۔ بی آر ایس بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی اور کے سی آر دوبارہ چیف منسٹر بنیں گے ۔ پھر سے سنہری دور کا احیاء ہوگا ۔ محمد محمود علی نے پارٹی کی رکنیت سازی پر زور دیتے ہوئے ضلع اور اسمبلی حلقوں کے انچارجس کو مشورہ دیا کہ وہ سماج کے تمام طبقات کو پارٹی کا حصہ بنائیں بالخصوص نوجوانوں کو رکن بنائے اور پارٹی کو نچلی سطح سے مضبوط بنانے میں قیادت کے ساتھ مکمل تعاون کریں ۔ ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی کے عمل پر خاص نظر رکھیں ۔ سیاسی سازشوں کو ناکام بنائیں ۔ تمام اہل افراد کے ناموں کو ووٹر لسٹ میں شامل کرانے کے لیے ذمہ دارانہ رول ادا کریں گے ۔۔ 2/m/b