بی جے پی سے مقابلہ کیلئے کے سی آر کی نرم ہندوتوا پالیسی ‘آفیشل اکاؤنٹ پر سوشیل میڈیا میں عوام کی ناراضگی
حیدرآباد۔14۔اپریل (سیاست نیوز) بی جے پی سے مقابلہ کرنے کیلئے کے سی آر کی زیر قیادت بی آر ایس نرم ہندوتوا کے راستہ پر گامزن دکھائی دے رہی ہے۔ مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے سیکولرازم کا نعرہ لگایا جاتا ہے لیکن اکثریتی طبقہ کی تائید حاصل کرنے کیلئے بی آر ایس نے حیدرآباد کو بھاگیہ نگر قرار دے دیا ہے۔ بی آر ایس پارٹی کے آفیشل اکاونٹ کے ذریعہ سوشیل میڈیا میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے طویل قامت مجسمہ کی نقاب کشائی کی تشہیرکی گئی۔ پارٹی نے سوشیل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ بھاگیہ نگر کے مشہور تاج میں تین نئے ہیروں کا اضافہ ہورہا ہے ۔ 125 فٹ بلند ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کا مجسمہ، ڈاکٹر بی آر امبیڈکر تلنگانہ اسٹیٹ سکریٹریٹ اور تلنگانہ یادگار شہیداں ان میں شامل ہیں۔ سوشیل میڈیا پر بی آر ایس کی جانب سے حیدرآباد کو بھاگیہ نگر لکھے جانے پر عوام نے حیرت کا اظہار کیا ہے۔ مسلمانوں کو خوش کرنے کیلئے نظام حیدرآباد کی تاریخ اور بی جے پی کی فرقہ پرست سیاست کے خلاف کے سی آر کی بیان بازی کے پس منظر میں پارٹی کی جانب سے حیدرآباد کو بھاگیہ نگر قرار دینا باعث حیرت ہے۔ تلنگانہ میں بی جے پی نے جب سے اپنے قدم جمانے کی کوشش کی ہے، کے سی آر نے نرم ہندوتوا پالیسی اختیار کرلی۔ مندروں کی ترقی کے لئے ہزاروں کروڑ منظور کئے گئے اور ارکان اسمبلی کو پابند کیا گیا کہ وہ مندروںکی ترقی کے بارے میں کے سی آر حکومت کے اقدامات سے عوام کو واقف کرائیں۔ سکریٹریٹ کے احاطہ میں شہید کی گئی مساجد کی تعمیر پر حکومت کی کوئی توجہ نہیں ہے۔ 30 اپریل کو نئے سکریٹریٹ کا افتتاح عمل میں آئے گا اور کے سی آر نے افتتاح تک مساجد کی تعمیر مکمل کرنے کا وعدہ کیا تھا لیکن آج تک تعمیری کام 50 فیصد بھی مکمل نہیں ہوسکے۔ اس بارے میں حکومت میں شامل مسلم قائدین بھی خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مساجد کی تکمیل کیلئے مزید دو ماہ درکار ہوں گے۔ واضح رہے کہ بی آر ایس حکومت نے گزشتہ 9 برسوں میں مندروں کی ترقی کیلئے جاری کردہ فنڈس اور پجاریوں کی بھلائی کیلئے اقدامات کی تفصیلات ارکان اسمبلی کو فراہم کی ہیں تاکہ عوام میں پیش کیا جائے۔ حکومت نے مندروں کی ترقی اور پجاریوں کی بھلائی پر 2500 کروڑ روپئے خرچ کئے ہیں۔ یہ رقم اقلیتی بہبود کیلئے مالیاتی سال 2023-24 ء میں الاٹ کردہ بجٹ 2200 کروڑ سے بھی زیادہ ہیں۔ر