قومی جماعتوں کے کئی قائدین کو دعوت ۔ بی آر ایس روڈ میاپ کا اعلان اور 15 رکنی پولٹ بیورو کمیٹی کی تشکیل کا امکان
حیدرآباد ۔ 13 ڈسمبر ۔ ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر تلنگانہ چندرشیکھر راؤ کل دہلی میں بی آر ایس پارٹی آفس کا افتتاح کریںگے ۔ افتتاحی تقریب میں پنجاب ، ہریانہ ، اُترپردیش ، اُڈیشہ ، ٹاملناڈو کے علاوہ دیگر ریاستوں سے کسان اور مشہور سیاسی قائدین شرکت کریں گے ۔ کل شام دہلی پہونچ جانے والے چیف منسٹر کے سی آر نے آج پارٹی دفتر پہونچکر تیاریوں کا جائزہ لیا۔ 14 ڈسمبر کی دوپہر 12:47 منٹ پر چیف منسٹر کے سی آر پارٹی آفس کا افتتاح کریں گے اور ساتھ ہی پارٹی دفتر پر پرچم بھی لہرائیں گے اور اس کے بعد اپنے چیمبر میں قدم رکھیں گے ۔ تلنگانہ سے ریاستی وزراء ، ارکان اسمبلی ، ارکان قانون ساز کونسل ، مختلف کارپوریشنس کے صدورنشین ، ضلع صدور ، ضلع پریشد صدورنشین، میئرس کے علاوہ پارٹی کے اہم قائدین دہلی کیلئے روانہ ہوگئے ہیں ۔ دہلی میں ہر طرف بی آر ایس پاٹی کے قائدین نظر آرہے ہیں ۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ بی آر ایس پارٹی کی افتتاحی تقریب میں شرکت کیلئے کمارا سوامی ، اکھلیش یادو ، تیجسوی یادو کے علاوہ دوسری جماعتوں کے قائدین کو مدعو کیا گیا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر قومی سیاست میں دھماکہ دار انٹری دینا چاہتے ہیں اور پارٹی کے قائدین کی جانب سے اسی انداز میں تیاریاں کی جارہی ہیں۔ دہلی میں پارلیمنٹ کا سرمائی سیشن جاری ہے ، مختلف سیاسی جماعتوں کے سربراہان اور ارکان پارلیمنٹ دہلی میں موجود ہیں۔ بی آر ایس پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ ، ارکان راجیہ سبھا مختلف جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات کرتے ہوئے انھیں بی آر ایس پارٹی دفتر کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ اس تقریب کو قومی تقریب میں تبدیل کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر میڈیاہاؤزس کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پارٹی کے باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ پارٹی دفتر کے افتتاح کے بعد مختلف ریاستوں سے پہونچنے والے نمائندوں سے چیف منسٹر کے سی آر ملاقات کریں گے اور اُنھیں قومی پارٹی تشکیل دینے کے اغراض و مقاصد سے واقف کرائیں گے ۔ ملک کی تازہ سیاسی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے بی جے پی کی متبادل طاقت بننے کیلئے مستقبل کی حکمت عملی سے واقف کرائیں گے ۔ اس کے علاوہ پارٹی کے روڈ میاپ سے بھی چیف منسٹر واقف کرائیں گے۔ یہ بھی کہا جارہا ہے کہ ملک میں بی آر ایس کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے 15 رکنی پولٹ بیورو بھی تشکیل دینے کا قوی امکان ہے ۔ مختلف جماعتوں کے صدور اور اُن کے اہم قائدین سے تبادلۂ خیال کرنے کی ذمہ داری تلنگانہ منصوبہ بندی کمیشن کے نائب صدر و سابق رکن پارلیمنٹ بی ونود کو دی گئی ہے ۔ تلنگانہ سے تاحال 450 قائدین دہلی پہونچ گئے ہیں ۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر 14 ڈسمبر کو دہلی میں مختلف قومی ٹی وی چینلس کو خصوصی انٹرویو بھی دیں گے ۔ وہ آئندہ چار دن تک دہلی میں قیام کریں گے اور مختلف سیاسی جماعتوں اور کسان تنظیموں کے نمائندوں اور دوسری اہم شخصیتوں سے شخصی ملاقات کریں گے اور ٹیلیفون پر بھی بات چیت کریں گے ۔ ن