اکھلیش یادو، کمارا سوامی اور دیگر قائدین کے ساتھ کسان رہنماؤں کی شرکت
کے ٹی راما راؤ دہلی نہیں پہنچے، کویتا تقریب میں مرکز توجہ ،چیف منسٹرتلنگانہ نے روایتی ٹوپی پہنی
حیدرآباد ۔ 14 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ نے دہلی میں بھارت راشٹرا سمیتی (بی آر ایس) پارٹی کے قومی دفتر کا افتتاح کیا اور دفتر کے احاطے میں پارٹی کی پرچم کشائی بھی کی۔ تقریب میں سماج وادی پارٹی کے صدر و سابق چیف منسٹر اترپردیش اکھیلیش یادو، سابق چیف منسٹر کرناٹک کمارا سوامی کے علاوہ کسانوں کی تحریک میں اہم رول ادا کرنے والے کسان قائدین بشمول بہار سے پربھوت کمار، اترکھنڈ سے پی سی تیواری، مہاراشٹرا سے مانک کدم، اترپردیش سے ڈاکٹر راکیش، اوڈیشہ سے اکشے کمار، ہریانہ سے گرنام سنگھ چادنی، پنجاب، مہاراشٹرا کے علاوہ مختلف ریاستوں سے کسان تنظیموں کے قائدین و نمائندوں نے شرکت کی۔ دہلی کے سردار پٹیل مارگ پر واقع بی آر ایس آفس کے افتتاح کے بعد سربراہ بی آر ایس و چیف منسٹر کے سی آر نے پارٹی پرچم لہرایا۔ اس سے قبل خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا جس میں چیف منسٹر اپنی شریک حیات کے ساتھ شریک ہوئے۔ اس پوجا تقریب میں اکھیلیش یادو اور کمارا سوامی نے بھی حصہ لیا۔ تلنگانہ سے بھاری تعداد میں وزراء، بی آر ایس کے ارکان پارلیمنٹ، ارکان راجیہ سبھا، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل، مختلف کارپوریشنس کے صدورنشین کے علاوہ دوسرے قائدین دہلی پہنچے۔ تقریب میں ریاستی وزیر کے ٹی آر شریک نہیں ہوئے۔ انہوں نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے بی آر ایس کے قومی سفر کے آغاز پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور کہا کہ حیدرآباد میں سرکاری تقاریب کی مصروفیات کے باعث وہ دہلی نہیں جاسکے مگر انہوں نے اس کی قبل از وقت چیف منسٹر کے سی آر سے اجازت حاصل کرلی تھی۔ دہلی میں بی آر ایس کی سرگرمیوں میں چیف منسٹر کے سی آر کی دختر ایم ایل سی کے کویتا توجہ کا مرکز بنی رہیں۔ تمام وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ دوسرے قائدین کویتا سے ملاقات کرنے اور ان کے ساتھ تصویرکشی کرنے کے معاملے میں ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے تقریب میں روایتی ٹوپی پہنے ہوئے تھے جو وہ اکثر اپنے فارم ہاؤز اور اضلاع کے دوروں پر استعمال کرتے ہیں۔ نئے سیاسی سفر کیلئے اس موقع پر سابق چیف منسٹر اترپردیش کھیلیش یادو اور سابق چیف منسٹر کرناٹک کمارا سوامی نے چیف منسٹر کے سی آر کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور مستقبل میں ملک کی مختلف ریاستوں اور قومی مسائل پر ایک دوسرے سے مشاورت کرتے ہوئے کام کرنے کا یقین دلایا۔ بی آر ایس پارٹی آفس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرنے والے اکھیلیش یادو اور کمارا سوامی کے علاوہ کسان تنظیموں کے نمائندوں سے چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے اظہارتشکر کیا اور کہا کہ وہ بی جے پی کا متبادل محاذ تیار کرنے کیلئے مستقبل میں آپس میں ملاقات کرتے رہیں گے۔ کے سی آر نے انہیں بتایا کہ پانی کے استعمال، ملک کے معاشی استحکام، کسانوں کے مسائل کی یکسوئی کیلئے وہ خصوصی روڈ میاپ تیار کرچکے ہیں جس کا آئندہ ہونے والی ملاقاتوں میں جائزہ لیا جائے گا۔ دہلی کے سردار پٹیل مارگ کے علاوہ دوسرے مقامات پر بڑے پیمانے پر گلابی پرچم بڑے بڑے ہورڈنگس اور فلیکسی لگائے تھے۔ن